وفاقی وزیر پاور و پٹرولیم عمر ایوب سے سعودی سفیر نواف المالکی نے ملاقات کی جس میں توانائی کے شعبے میں دوطرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تعلقات جدید خطوط پر مزید مضبوط کرنے کے خواہاں ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان توانائی کے شعبے میں تعاون اطمینان بخش ہے۔
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ متبادل توانائی کے لیے پاکستان کی مارکیٹ سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین ہے۔
وفاقی وزیر پاور و پیٹرولیم نے کہا کہ پاکستان کی انرجی مارکیٹ اس وقت اہم موڑ سے گزر رہی ہے، حکومت کی پالیسی مستقبل قریب میں بجلی کی قیمتوں میں استحکام کی موجب بنے گی۔
ملکی معیشت پر بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ملکی معیشت بھی اس وقت استحکام کے منازل طے کر رہی ہے، مثبت اشاریے حکومت کی کامیاب پالیسیوں کی نشاندہی کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انرجی کی فراوانی معیشت کی مثبت گروتھ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف المالکی کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سرمایہ کار پاکستان کی معیشت کو دلچسپی سے دیکھ رہے ہیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی عرب بھی پاکستان کے انرجی سیکٹر میں سرمایہ کاری کررہا ہے۔
انھوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان عنقریب سعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب، پاکستان کے ساتھ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
Comments are closed.