وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان ہارس ٹریڈنگ میں ملوث ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان مطلق العنان شخص ہیں، عمران خان اور ان کے ساتھیوں کا رویہ منافقانہ ہے۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خان صاحب آپ بے شک 7 دن لاہور میں قیام کریں کوئی فرق نہیں پڑنے والا، آپ کا بوجھ ہم نے اٹھایا، آپ کو برابر جواب ملے گا۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ فوری کیا جائے، الیکشن کمیشن چاہے عمران کے ساتھ جتنا فیئر ہوجائے وہ پھر بھی گالیاں نکالے گا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خان صاحب آپ کے ساتھ تو ابھی تک کچھ نہیں ہوا ہے، ہم سیاست کے میدان میں آپ کا مقابلہ کریں گے۔
وفاقی وزیر نے مطالبہ کیا کہ 63 اے پر سپریم کورٹ بار کی ریویو پٹیشن کی فوری سماعت کی جائے اور فل کورٹ ریویو پٹیشن سنے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کا گند صاف کرتے رہے اور ہمیں ضمنی الیکشن میں دھکیل دیا گیا، عمران خان چاہتا ہے کہ پاکستان سری لنکا بن جائے، عمران خان اسٹیبلشمنٹ کو نشانہ بنا رہا ہے، کیا اسٹیبلشمنٹ کو غیر جانبدار نہیں رہنا چاہیے؟
سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو اس کے گناہوں کی سزا ملے گی، آپ بتائیں پاکستان کے خیرخواہ ہیں یا بد خواہ، یہ شخص خود چاہتا ہے کہ پاکستان، سری لنکا بن جائے، اگر ادارے نیوٹرل ہیں تو انہیں نیوٹرل رہنے دیں، یہ شخص چاہتا ہے کہ اسے بیساکھیاں بھی دی جائیں اور اس کی نیپیاں بھی بدلی جائیں۔
Comments are closed.