بدھ 22؍شعبان المعظم 1444ھ15؍مارچ 2023ء

عمران خان کی گرفتاری کیلئے عدالت نے پولیس آپریشن کل صبح تک روک دیا

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری کے لیے جاری پولیس آپریشن کل صبح 10 بجے تک روک دیا۔

زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران آئی جی پنجاب نے عدالتِ عالیہ کو بتایا کہ پیٹرول بم سے ہماری گاڑیاں جلا دی گئیں، پی ایس ایل کی سیکیورٹی کو دیکھنا ضروری تھا، رینجرز کی گاڑیوں پر پیٹرول گرایا گیا، صبح صورتِ حال یہ ہے کہ ساری گرین بیلٹ خراب کر دی، سرکاری چیزیں برباد کر دیں، عدالت وارنٹ ختم کر دیتی ہم واپس آ جاتے، جنہوں نے خرابی کی ہے انہیں پکڑنا ہے، ہمارے پاس ویڈیوز موجود ہیں، ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی ہے۔

چیف سیکریٹری پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ میں پوری رات اسپتال میں رہا ہوں، لوگ پھٹے سر کے ساتھ آ رہے تھے۔

مظاہرین نے پولیس کی واٹر کینن جلا دی، پولیس کی گاڑی کو نقصان پہنچایا، ٹریفک وارڈنز کی موٹر سائیکلیں جلا دیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ اس پر کیا کہیں گے کہ اگر ہم اس آپریشن کو ابھی وقتی طور پر روک دیں کیونکہ اسلام آباد میں بھی درخواست دائر ہے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ سر ہم نے بندے پکڑنے ہیں جنہوں نے املاک کو نقصان پہنچایا۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے حکم دیا کہ مجھے شہر میں امن چاہیے، آپ ابھی اپنا آپریشن روک دیں۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم پولیس کی موجودگی وہاں رکھنا چاہتے ہیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ شہر میں پی ایس ایل بھی ہو رہا ہے۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے آئی جی پنجاب سے استفسار کیا کہ پولیس کہاں تک واپس لے کر جا سکتے ہیں؟

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ گرفتاریاں بند کر دیں سب ٹھیک ہو جائے گا۔

لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی 4 مقدمات میں حفاظتی ضمانت کے لیے درخواستیں دائر کر دی گئیں۔

جسٹس طارق سلیم شیخ نے کہا کہ گرفتاریاں نہیں روک سکتا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ ہماری ساری قیادت کو بند کرنا چاہتے ہیں۔

ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ اس معاملے پر انتظار کرنا ہو گا۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ ہم مال روڈ، دھرم پورہ اور ٹھنڈی سڑک پر رہیں گے۔

وکلاء نے کہا کہ یہ تو ہمارے سارے راستے بند کر رہے ہیں۔

عدالت نے پولیس کو مال کینال پل، دھرم پورہ پل اور ٹھنڈی سڑک پر 500 میٹر پیچھے رہنے کی اجازت دے دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.