جمعہ 24؍شعبان المعظم 1444ھ17؍مارچ 2023ء

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری، پی ٹی آئی جاپان کا مظاہرے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) جاپان کی جانب سے عمران خان کی گرفتاری کی حکومتی کوششوں اور عوام پر طاقت کے استعمال کے خلاف ٹوکیو میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے مظاہرے کا اعلان کیا گیا ہے۔

تحریک انصاف جاپان کے سابق جنرل سیکریٹری دولت خان نے اپنے ایک ویڈیو میں کہا کہ یہ مظاہرہ پیر کے روز کیا جائے گا جس کےلیے جاپانی حکومت اور پولیس سے اجازت حاصل کرلی گئی ہے۔

دولت خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حکومتی اور ریاستی سطح پر انتقامی کارروائیاں جاری ہیں۔ لاہور میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے گھر کے باہر نہتے شہریوں پر فائرنگ کی گئی، عمران خان کے گھر میں شیل اور آنسو گیس پھینکی گئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کے پاس عدالتی حفاظتی ضمانت موجود ہونے کے باوجود ان کو گرفتار کرنے کےلیے طاقت کا زبردست استعمال کیا جارہا ہے لہٰذا ہم جاپان میں مقیم نہ صرف تحریک انصاف کے کارکنوں بلکہ پوری پاکستانی کمیونٹی کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے مظاہرے کےلیے جمع ہوں۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے سابق چیف آرگنائزر لالا رفاقت خان نے کہا کہ عمران خان ہماری ریڈ لائن ہے حکومت عمران خان کو کسی بھی طرح کا نقصان پہنچانے سے باز رہے، پاکستانی قوم اپنے لیڈر کی حفاظت کرنا جانتی ہے، ہم پوری دنیا میں اپنے لیڈر کے خلاف ہونے والی ناانصافی کے خلاف آواز اٹھائیں گے اور پیر کے روز اقوام متحدہ کے سامنے پُرامن مظاہرے میں شریک ہونگے۔

لالہ رفاقت خان نے کہا کہ پاکستانی قوم کو قائداعظم کے بعد پہلی مرتبہ کوئی اصل لیڈر ملا ہے اس کی حفاظت کےلیے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.