منگل 21؍شعبان المعظم 1444ھ14؍مارچ 2023ء

عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کیخلاف پی ٹی آئی کارکنوں کا ملک بھر میں احتجاج

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں پی ٹی آئی کے کارکنان کا احتجاج جاری ہے، جس کے دوران سڑکوں کو ٹائر جلا کر بند اور ٹریفک معطل کر دیا گیا ہے۔

سرگودھا میں ڈنڈا بردار کارکنوں نے زبردستی دکانیں بند کرا دیں۔ جبکہ گوجرانوالہ میں کارکنان کمشنر آفس میں گھس گئے۔ سوات موٹر وے کو دھرنا دیکر ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد بخاری سمیت 14 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، زخمیوں میں 10 کا تعلق لاہور جبکہ 4 کا اسلام آباد پولیس سے ہے۔

گوجرانولہ میں پی ٹی آئی کے کارکنان کمشنر کے دفتر میں گھس گئے۔ جی ٹی روڈ کے دونوں اطراف ٹریلر روک کر ٹریفک معطل کر دی۔ سرگودھا میں پی ٹی آئی کے ڈنڈا بردار کارکنوں نے سٹی روڈ، کچہری بازار، گول چوک اور فیصل بازار میں تمام دکانیں بند کرا دیں۔

فیصل آباد کے مختلف مقامات ڈی ٹائپ چوک، الائیڈ موڑ، جڑانوالہ روڈ پر کارکنوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کر دیا۔ سمندری کے علاقے سے دوسرے شہروں کو جانے والی ٹرانسپورٹ بھی متاثر ہوئی۔

سیالکوٹ، شکرگڑھ، بہاول پور، بہاول نگر، منڈی بہاوالدین، حافظ آباد، وہاڑی، مظفر گڑھ، راجن پور، میانوالی سمیت پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں میں پی ٹی آئی کارکنان عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔

کراچی کے علاقے قائدآباد میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے دیا۔

حیدرآباد، سکھر، نوابشاہ، جیکب آباد سمیت سندھ میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے احتجاج کیا۔ مالاکنڈ میں پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے سوات موٹر وے الہ ڈھنڈ ڈھیری انٹر چینج کے مقام کو ٹریفک کے لئے بند کر دیا۔

ڈی آئی خان میں قریشی موڑ پر احتجاج کے باعث پنجاب کو ملانے والی شاہراہ بند ہوگئی۔ چارسدہ، ہنگو، کوہاٹ، مردان، خیبر، بنوں،  کرک، باجوڑ، ٹانک، نوشہرہ کے علاوہ بلوچستان میں حب بائی پاس کے مقام پر کارکنوں کے احتجاج کے باعث ٹریفک معطل ہوگئی۔

گلگت میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے گلگت اتحاد چوک پر احتجاج کرکے روڈ بلاک کر دی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.