پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایک وارنٹ گرفتاری اور ایک دفعہ 144 نے لیڈر اور گیڈر کا فرق بتا دیا ہے، انہوں نے سوال کیا کہ عمران خان کیا آپ کی یہ تحریکیں دفعہ 144 سے ڈر جائیں گی؟
فیصل آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ریلی کا وہی انجام ہوا جو بزدل لیڈر کی کال کا ہوتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیاسی لیڈر ہمیشہ بہادری کے نشان رہے، کبھی کوئی لیڈر پولیس سے ڈر کر چارپائی کے نیچے نہیں چھپا، نواز شریف نے مشرف اور عمران خان کے مشکل دور کا سامنا کیا۔
طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی قیادت پر عمران خان داغ ہے، عمران خان نے سیاستدانوں کو شرمندہ کردیا۔ کیا انقلاب کبھی دفعہ 144 سے ڈرے کبھی تحاریک گرفتاریوں سے رکی ہیں؟ بزدل لیڈر قوم کو کیا کامیاب کرے گا جو گھر سے نکل کر کیمروں کا سامنا نہیں کر سکتا۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ پولیس وارنٹ کی تعمیل کروانے آتی ہے تو یہ بیڈ کے نیچے چھپ جاتے ہیں، جو ریلی نہیں نکال سکتا وہ اس قوم کو مشکل سے کیسے نجات دلا سکتا ہے؟ جب تک سہولت ملتی رہی ریلیاں کرتے رہے، جلسے کرتے رہے، عدالت میں جانے کےلیے جان کو خطرہ ہے، لیکن ریلیاں کر سکتے ہو۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے بچوں اور بیٹوں کو اپنی ڈھال بناتے ہو، کوئی کارکن شہید ہوجائے تو اس کی لاش سیاست کےلیے استعمال کرتے ہو۔
طلال چوہدری نے کہا کہ نواز شریف اور بےنظیر بھٹو نے ہر مشکل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ عدلیہ بحالی تحریک میں نواز شریف دفعہ 144 کے باوجود رکاوٹیں روند کر نکلے، نواز شریف کو کہا گیا جان کو خطرہ ہے موٹر وے سے چلے جائیں، نواز شریف نے کہا جی ٹی روڈ سے ہی جاؤں گا، نواز شریف کو گاڑی سے باہر نکلنے سے روکا گیا، شاہدرہ میں اسٹیج پر خودکش دھماکے سے ڈرایا مگر وہ باہر نکلے۔
رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ نہتی عورت مریم نواز کو روکنے کی کوشش کی جاتی تھی۔ مریم نواز ڈنکے کی چوٹ پر جلسے کرتی رہی، مریم نواز کی ایک ریلی کے درجنوں مقدمے درج کروائے گئے۔
Comments are closed.