
جج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر توہینِ عدالت کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بیانِ حلفی منظور ہو گا یا نہیں؟ اسلام آباد ہائی کورٹ میں آج سماعت کے بعد اس بات کے فیصلے کا امکان ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ میں توہینِ عدالت کیس کی سماعت آج دن ڈھائی بجے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ کی سربراہی میں 5 ججز پر مشتمل لارجر بینچ کرے گا۔
جسٹس محسن اختر کیانی، جسٹس میاں گل حسن اورنگ زیب، جسٹس طارق محمود جہانگیری اور جسٹس بابر ستار بینچ کا حصہ ہیں۔
عدالت نے آج عمران خان پر فردِ جرم عائد کرنے کی تاریخ بھی مقرر کر رکھی ہے۔
گزشتہ سماعت پر معافی کے بیان کو بینچ نے تسلی بخش قرار دیا تھا۔
نئے بیانِ حلفی میں عمران خان نے غیر مشروط معافی مانگنے سے گریز کیا ہے۔
عمران خان نےگزشتہ سماعت پر دیے گئے بیان پر مکمل عمل درآمد اور مستقبل میں ایسے بیانات سے گریز کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی تھی۔
کیس کی سماعت کے موقع پر اسلام آباد ہائی کورٹ میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
وکلاء، لاء افسران اور صحافیوں کی کمرۂ عدالت میں انٹری پاس سے مشروط ہے۔
رجسٹرار آفس کی جانب سے محدود پیمانے پر انٹری پاس جاری کیے گئے ہیں۔
Comments are closed.