مسلم لیگ ن پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کا چینی کی قیمت اور بحران سے متعلق کہنا ہے کہ عمران خان چینی اسکینڈل میں ذاتی طور پر ملوث ہیں۔
عظمی بخاری نے میڈیا سے گفتگو کے دوران حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ چینی پہلے باہر بھجوائی گئی آج درآمد کی جا رہی ہے، عمران خان چینی اسکینڈل میں ذاتی طور پر ملوث ہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار آٹا اسکینڈل میں ملوث ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ چینی اسکینڈل میں حکومتی اتحادیوں کےبھی نام آئے، ان کے خلاف کارروائی کی جائے۔
انہوں نے جہانگیرترین سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ جہانگیرترین ارکان پارلیمنٹ کو عدالت ساتھ لے جا کر کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، جہانگیر خان ترین کے اکاؤنٹس منجمد کرنے پر ہمدردی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی منظوری سے جہانگیر ترین کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، جہانگیر ترین عوام کی بڑھتی مشکلات میں برابر کے شریک ہیں، جہانگیر ترین نے جہاز چلا کر مسلم لیگ ن کے مینڈیٹ پر شب خون مارا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ شریف فیملی کی شوگرملیں پچھلے تین چار ماہ سے بند پڑی ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے ڈسکہ الیکشن سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہے الیکشن کمیشن ڈسکہ انتخابات کے لیے اپنی ذمے داری پوری کرے گا۔
Comments are closed.