جمعہ22؍ربیع الثانی 1444ھ 18؍نومبر 2022ء

عمران خان پر حملہ، جاں بحق معظم کی پوسٹ مارٹم رپورٹ سامنے آگئی

پاکستان تحریکِ انصاف کے لانگ مارچ میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان پر حملے کے واقعے کے دوران فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے معظم گوندل کی پوسٹ مارٹم رپورٹ ’جیو نیوز‘ نے حاصل کر لی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ معظم کو چہرے پر دائیں طرف بھنوؤں سے 7 سینٹی میٹر اوپر گولی لگی، دائیں طرف لگنے والی گولی ماتھے سے باہر نکل گئی۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے سابق رہنما فیصل واؤڈا کا کہنا ہے کہ وزیرِ آباد میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں معظم کو کلاشنکوف اور عمران خان کو پستول کی گولی لگی۔

پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق گولی لگنے سے موقع پر ہی معظم کی موت واقع ہو گئی، گولی دور سےچلائی گئی، سمت بھی اوپر سے نیچے کی طرف ہے۔

3 نومبر کو پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران وزیر آباد میں قاتلانہ حملے میں سابق وزیرِ اعظم عمران خان فائرنگ سے زخمی ہوگئے تھے۔

سابق وزیرِ اعظم، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کی تحقیقات کے لیے بننے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن (جے آئی ٹی) کے لیے محکمۂ داخلہ پنجاب کو پولیس کی جانب سے 3 نام موصول ہو گئے ہیں۔

واقعے میں معظم گوندل نامی پی ٹی آئی کارکن جاں بحق اور پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان و دیگر رہنماؤں سمیت 13 افراد زخمی ہوئے تھے۔

فائرنگ کرنے والے شخص نوید کو بعد میں کنٹینر کے قریب سے پکڑ لیا گیا تھا جس نے عمران خان پر فائرنگ کا اعتراف بھی کیا تھا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.