بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

عمران خان پارلیمان کو صرف اقتدار کی سیڑھی سمجھتے ہیں، شیری رحمٰن

وفاقی وزیر شیری رحمٰن نے کہا ہے کہ  عمران خان پہلے ہی اپنےحلقے کی نمائندگی سے بھاگے ہوئے ہیں، یہ پارلیمان کو صرف اقتدار کی سیڑھی سمجھتے ہیں

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے سلسلہ وار ٹوئٹس میں شیری رحمٰن نے کہا کہ عمران خان نے جس قومی اسمبلی سے استعفیٰ دیا، اسی کی 7 نشستوں پر ضمنی الیکشن لڑ رہے ہیں۔

شیری رحمٰن کا کہنا ہے کہ عمران خان 7 نشتوں پر خودانتخابات لڑ کے اپنے پارٹی رہنماؤں اور ووٹرز کی تذلیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جس عوامی مینڈیٹ کا دعویٰ کرتے ہیں، 7 نشتوں پر الیکشن لڑ کر اسی مینڈیٹ کی توہین کر رہے ہیں۔

آج ہونے والے ضمنی انتخابات میں قومی اسمبلی کے 7 حلقوں سے امیدوار سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے پولنگ شروع ہونے کے تقریباً 2 گھنٹے بعد پیغام شیئر کر دیا۔

وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ ووٹ صرف اسی امیدوار کو دینا چاہیے جو پارلیمان میں ان کی نمائندگی کر سکے، ان کی آواز بن سکے۔

پیپلز پارٹی کی رہنما نے مزید کہا کہ یہ پارلیمنٹ صرف اسی صورت آنا چاہتے ہیں جب کرسی کی امید دلائی جائے، لوگوں سے گزارش ہے کہ عمران خان کو ووٹ دے کر ووٹ ضائع نہ کریں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ووٹ آئینی حق اور ذمہ داری ہے، ووٹ کو سوچ سمجھ کے اپنے اور اپنے حلقے کی بھلائی کے لیے استعمال کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.