پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ عمران خان وہ لیڈر ہے جو وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ سے پشاوری چپل میں ملتا ہے، عمران خان وہ لیڈر ہے جو پیوٹن سے شلوار قمیض میں ملتا ہے۔
قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہوسکتا ہے آپ کیسز کا خاتمہ کرکے وزارت عظمیٰ کی کرسی پر بیٹھ جائیں۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خواص کے لئے ایک اور قانون اور عوام کے لئے ایک اور قانون ہے، بلاول نے کہا ویلکم ٹو پرانا پاکستان، پرانا پاکستان وہ ہے جس کا بچہ بچہ مقروض ہے، جس پرانے پاکستان کی نوید وہ سنا رہے ہیں وہ تاریخی تجارتی خسارے کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر بلاول نے شہباز شریف کی وزارت عظمیٰ قبول کی تو وزارت خارجہ بھٹو کے نواسے کو جچتی نہیں ہے، انوکھی جمہوریت ہے والد وزیراعظم اور بیٹا وزیراعلیٰ کا امیدوار ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج ملک کے ہر ادارے میں کرپشن سرایت کرگئی ہے، 40 سال آپ حکومتوں میں رہے، کیا یہ انتخابی اصلاحات کے لئے کافی نہیں تھے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان کے عوام نے اس اتحاد کو مسترد کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، آزاد پاکستان اور غلام پاکستان کے درمیان عوام کو فیصلہ کرنے دیں، تحریک انصاف سمجھتی ہے کہ پاکستان کو ایک مضبوط فوج کی ضرورت ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک فوج کے جوانوں کی قربانیوں کو، شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، آج پاکستان کو ایک مضبوط اور آزاد عدلیہ کی ضرورت ہے، جی ڈی اے اور ق لیگ کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ میں آج اس الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہوں، ہم مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہیں۔
Comments are closed.