وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران نیازی نے فنانشل ٹائمز سے انٹرویو میں اپنی بیرونی سازشی تھیوری کی تردید کردی۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی کی اپنی بیرونی سازشی تھیوری کی تردید شیطانی کردار کی یاد دہانی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ اس نے اپنے سیاسی مفادات کے لیے پاکستان کے بیرونی تعلقات کو نقصان پہنچانے میں کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچانے والے کی مکاری اور غداری سے قوم حیران ہے۔
اس سے قبل عمران خان نے ایک اور یوٹرن لیتے ہوئے سائفر بیانیے کو ماضی کا حصہ قرار دیا اور کہا تھا کہ میرے خیال میں سازش کا بیانیہ گزر چکا اب وہ پیچھے رہ گیا، میں اب امریکا پر الزامات نہیں لگاتا، دوبارہ وزیر اعظم بنا تو امریکا سے اچھے تعلقات رکھنا چاہوں گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں واشنگٹن سے ہمارا رشتہ ہمیشہ آقا اور غلام کا رہا، اس میں زیادہ قصور پاکستانی حکومتوں کا تھا۔ یوکرین پر حملے سے ایک روز پہلے دورہ روس باعث ندامت تھا۔
برطانوی اخبار کو انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ واشنگٹن سے باوقار تعلقات چاہتا ہوں، ایسے پاکستان کی قیادت کرنا چاہوں گا جس کے تمام ممالک خصوصاً امریکا سے اچھے تعلقات ہوں، امریکا سے ’آقا غلام‘ کے تعلق میں امریکا کو نہیں، بلکہ اپنی حکومتوں کو قصور وار مانتا ہوں۔
Comments are closed.