وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی اور پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان اب بھی اداروں کی اپنے حق میں مداخلت کےلیے منتیں کر رہے ہیں۔
عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے شیری رحمان نے کہا کہ حکومت عمران خان کی کسی بھی دھمکی میں نہیں آئے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اداروں کی منتیں کر رہے ہیں کہ میرے حق میں مداخلت کریں، یہ اب تک پرامید ہیں کہ اُن کو 2018ء کی طرح اقتدار میں لایا جائے گا۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کہتے ہیں کہ مارچ تک اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی، خیبر پختونخوا والے کہتے ہیں کہ پہلے پنجاب اسمبلی تحلیل کرو۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اسمبلی تحلیل کرنے کو سیاسی دھمکی کے طور پر استعمال کرنا چاہتے ہیں، حکومت اس کی کسی دھمکی میں نہیں آئے گی۔
شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ سیاست میں بات چیت غیر مشروط ہوتی ہے، بات چیت سے پہلے مطالبات نہیں رکھے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی چیئرمین اگر انتخابی فریم ورک پر بات کرنا چاہتے ہیں تو مثبت یو ٹرن لیں اور اسمبلی آئیں۔
پی پی سینیٹر نے کہا کہ موجودہ معاشی حالات کا ذمہ دار عمران خان خود ہے، اُس کی حکومت میں ہی ملک ڈیفالٹ ہو چکا ہوتا۔
Comments are closed.