وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان نیازی سیلاب متاثرین کی مدد نہیں کرسکتے تو خاموش رہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں احسن اقبال نے کہا کہ سیلاب سے ہوئی تباہی دیکھ کر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی آنکھیں نم ہوگئیں، پتا نہیں عمران خان نیازی کے پاس کون سا دل ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل سے ایک سیاسی رہنما کی گفتگو سن رہا ہوں، اس موقع پر عمران نیازی حکومت اور سیلاب زدگان کی مدد نہیں کرسکتے تو خاموش رہتے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی سیلاب متاثرین کی مدد کی بجائے سوشل میڈیا پر مہم چلا رہی ہے کہ پاکستان کی مدد نہ کی جائے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیلاب سے تباہی نے سنگ سے سنگ دل کو بھی موم کردیا ہے لیکن حقیقی آزادی والے امداد رکوانے کی کوشش کررہے ہیں ،یہ نہ صرف پاکستان بلکہ انسانیت کے خلاف جرم ہے۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ ہم پیسے نہیں مانگ رہے، مغربی ممالک سے کہہ رہے ہیں ہمیں ہمارا حق دو۔
انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا دھیان اس وقت سیاست پر نہیں سیلاب متاثرین پر ہے، مسلح افواج کے ساتھ مل کر انتظامیہ ریلیف مہیا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سیلاب سے پاکستان میں 1600 سے زائد اموات ہوچکی جبکہ 1 اعشاریہ 7 ملین سے زائد گھر تباہ ہوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ سندھ اور بلوچستان کے علاقوں میں پانی جمع ہے، زمین سمندر بن چکی ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ کئی نوزائیدہ بچے غذائیت کی محرومی کا شکار ہیں، ان بچوں اور ماؤں تک پہنچنا معاشرے کی ذمہ داری ہے۔
Comments are closed.