جمعہ 21؍شوال المکرم 1444ھ12؍مئی 2023ء

عمران خان دعا کر رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے، وزیر اعظم

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان دعا کر رہے ہیں کہ ملک ڈیفالٹ کر جائے۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت  وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 9مئی کو ہونے والے واقعات کی کابینہ اراکین کی جانب سے شدید مذمت کی گئی۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

کابینہ اراکین نے کہا کہ دیکھنا ہوگا کہ تحریک انصاف نے کس کے کہنے پر پُر تشدد کارروائیاں کیں، فوجی املاک کو نقصان پہنچایا گیا۔

کابینہ اراکین نے کہا کہ  پی ٹی آئی نے ریاست پرحملہ کیا جو ناقابل برداشت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے، ورثے میں ملنے والے حالات پر قابو پانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیلاب، مہنگائی اور کساد بازاری کے طوفان نے مشکلات سے دو چار کیا، عمران خان اور ان کے حواری مسلسل جھوٹ بولتے رہے ہیں، عدلیہ عمران نیازی کوتحفظ دینےکےلیے آہنی دیواربن گئی ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ جھوٹے کاغذ لہرا کر عوام کو تقسیم کیا گیا،  قومی سلامتی میٹنگ میں ثابت ہوا کوئی بیرونی سازش نہیں، امریکا کے ساتھ تعلقات کو بحال کرنے کی کوشش کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ نیب نے عمران خان کے خلاف غبن کے کیسز بنائے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ذوالفقارعلی بھٹوکا عدالتی قتل ہوا، محترمہ کی شہادت پر بھرپور احتجاج ہوا مگر کسی نے فوجی عمارتوں پرحملہ نہیں کیا، محترمہ بےنظیرکی شہادت کے بعد آصف زرداری نےپاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔

شہباز شریف نے کہا کہ 16 دسمبر 1971 کےبعد 9 مئی 2023 پاکستان کےلیےالمناک دن تھا، عمران خان کے دورمیں اربوں روپے کی کرپشن ہوئی، عمران نیازی کومالم جبہ میں کلین چٹ دی گئی، عمران نیازی فاشسٹ ڈکٹیٹر ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.