ہفتہ یکم جمادی اوّل 1444ھ 26؍نومبر2022ء

عمران خان جب کہیں گے پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے، مونس الہٰی

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما مونس الہٰی کا کہنا ہے کہ عمران خان جب کہیں گے پنجاب اسمبلی توڑ دیں گے۔

راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے جلسے میں عمران خان کے اسمبلیوں سے استعفے دینے کے اعلان کے بعد مونس الہٰی کا بھی اس حوالے سے بیان سامنے آگیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں مونس الہٰی نے کہا کہ 27  جولائی کو اللّٰہ پاک نے ہمیں سرخرو کیا تھا اور چوہدری پرویز الہٰی کو وزیراعلیٰ پنجاب بنایا تھا۔

 جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء نے کہا کہ 20 فیصد لوگ ریکوزیشن جمع کروادیں تو اسمبلی نہیں توڑی جا سکتی۔

رہنما ق لیگ نے مزید کہا کہ  اس دن کے بعد سے ہم بونس پر چل رہے ہیں، ہم اپنے وعدے پر قائم ہیں۔

مونس الہٰی نے کہا کہ عمران خان جس دن کہیں گے انشاء اللّٰہ اسی وقت پنجاب اسمبلی توڑ دی جائے گی۔

واضح رہے کہ عمران خان نے ملک کی تمام اسمبلیوں سے استعفے دینے اور اسلام آباد نہ جانے کا فیصلہ کر لیا۔

راولپنڈی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ فیصلہ کیا ہے کہ اس نظام میں نہیں رہنا، ہم ساری اسمبلیوں سے نکلنے لگے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سے بات کی ہے پارلیمانی کمیٹی سے بات کر رہا ہوں، بجائے توڑ پھوڑ کریں اس سے بہتر ہے کہ اس نظام سے باہر نکلیں، فیصلہ کریں گے کس دن ہم ساری اسمبلیوں سے باہر نکلیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.