توشہ خانہ کیس میں پیش ہونے کے لیے سابق وزیراعظم و تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد کیلئے زمان پارک سے روانہ ہوگئے۔
توشہ خانہ کیس کی سماعت آج جوڈیشل کمپلیکس کی نیب کورٹ نمبر ون میں ہوگی، ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے عمران خان کو فردِ جرم عائد کرنے کے لیے طلب کر رکھا ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف F8 کچہری کے بجائے جوڈیشل کمپلیکس G11 میں پیش ہوں گے۔
عمران خان قافلے کی شکل میں براستہ موٹروے اسلام آباد پہنچیں گے، تحریک انصاف کے کارکنان بھی ان کے ہمراہ موجود ہیں۔
کیس کا پس منظر
سیشن عدالت نے31 جنوری کو عمران خان پر فردِجرم عائد کرنے کے لیے تاریخ مقرر کی تھی اور مسلسل عدم حاضری پر سیشن عدالت نے 28 فروری کو ان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
سیشن عدالت نے7 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری پر عملدرآمد کراتے ہوئے عمران خان کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے 7 مارچ کو وارنٹ گرفتاری معطل کرتے ہوئے 13 مارچ کو پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔
عمران خان کے 13 مارچ کو پیش نہ ہونے پر ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری دوبارہ بحال ہوگئے تھے جس کے بعد سیشن عدالت نے عمران خان کے 18 مارچ کے لیے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
بعدازاں اسلام آباد ہائیکورٹ نے 17 مارچ کو وارنٹ معطل کر کے آج عمران خان کو پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔
واضح رہے کہ چیف کمشنر اسلام آباد نے گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کی سماعت کچہری سے جوڈیشل کمپلیکس منتقل کی تھی۔
Comments are closed.