پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرحمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ اللّٰہ کی لاٹھی بے آواز ہے، عمران خان آپ کا یوم حساب شروع ہوگیا ہے۔
لاہور میں رہائی کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ نوشہرہ کے لوگوں نے اُنہیں مسترد کر دیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ہر طرف مایوسی کی دھند چھائی ہوئی ہے، غربت نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں، آج ترقی کی شرح صفر ہو گئی، عمران نیازی نے آج تک ایک بھی منصوبہ نہیں لگایا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی قیادت میں ن لیگ متحد ہے اور رہے گی، اب دوبارہ سے پورے ملک میں شیر دھاڑے گا، ترقی کا نیا سفر شروع کرنے کے لئے نواز شریف کو آنا اور نیازی کو جانا ہو گا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ جیلیں مسلم لیگ ن کیلئےکوئی نئی بات نہیں، شریف فیملی نے عمران نیازی کی انتقامی کارروائی کا سامنا کیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ اس جعلی حکومت کو بنے ہوئے تین سال ہوگئے ہیں، آج پوری قوم نے اس احتساب کے تماشے کا منطقی انجام دیکھ لیا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ نوازشریف کے سپاہیوں کےخلاف ایک روپے کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی، رانا ثنا اللّٰہ کے خلاف کچھ نہ ملا تو ہیروئن کا کیس ڈال دیا گیا، بدترین انتقام کے باوجود نواز شریف، شہباز شریف کے خلاف کوئی الزام ثابت نہیں ہوا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ پاکستانی قوم سے روز جھوٹ بولتے ہیں، نواز شریف بیمار بیوی کو چھوڑ کر وطن واپس آئے، ان کے انتقام کی آگ ٹھنڈے ہونے کا نام نہیں لے رہی۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ ن لیگ کی قیادت پر مفروضوں پر مبنی الزامات لگاتے ہیں، حکمرانوں کو ہمارےخلاف کچھ نہیں ملتا تو مہنگائی کرکے غصہ عوام پر اتارتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنا غصہ عوام پر نکال رہے ہیں، آٹےکی قیمت آج آسمان سے باتیں کررہی ہے، ادویات کی قیمتوں میں 300 گنا سے زائد اضافہ کر دیا گیا، آٹا، چینی اور دوا چور آج بھی کابینہ میں بیٹھے ہیں۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ تین سال میں حکمران پاکستانی قوم کے سامنے بےنقاب ہوگئے، قوم کے لئے جتنی قربانیاں دینا پڑی دیں گے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ بنی گالا میں بیٹھ کر غریب کی جھونپڑی گرادینے کا حکم دے دیا جاتا ہے۔
Comments are closed.