ہفتہ 21؍جمادی الثانی 1444ھ14؍جنوری 2023ء

عزت کے ساتھ الیکشن کرادیں ورنہ ذلت کے ساتھ کرانے پڑیں گے، حافظ نعیم

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ سازش کی تو عوامی ردعمل سڑکوں پر ہوگا اور عدالتوں میں بھی جائیں گے، عزت کا راستہ یہی ہے کہ کل الیکشن کرادیں ورنہ ذلت کے ساتھ کرانا پڑے گا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ  سازش کا عمل بند کرو اور الیکشن کی تیاری کرو، بعض لوگ چاہتے ہیں کسی طرح بلدیاتی الیکشن نہ ہوں۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ سندھ حکومت نے رات کو الیکشن کمیشن کو خط بھیجا کہ امن و امان کا خطرہ ہے، اگر کراچی کا اسی طرح بیڑا غرق کر کے رکھیں گے تو پورا ملک متاثر ہوگا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ کراچی کے لوگوں کی ذمے داری ہے کہ اس سازش کے خلاف ردعمل کا اظہار کریں اور باہر نکلیں ووٹ ڈالیں۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ حکمران طبقہ چاہتا ہے کہ لوگ ڈر کر گھروں پر ہی رہیں اور یہ اپنی مرضی کے نتائج حاصل کرسکیں، حکمران طبقے سے کہتا ہوں سازش بند کریں، کراچی کے لوگوں کو ووٹ ڈالنے دیں۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں اور حکمران طبقے کو سمجھنا چاہیے کہ اب لوگ بولیں گے، بعض پارٹیوں کو جوڑ توڑ کر ملایا گیا، اب وہ جس رنگ میں آئیں گے مسترد کیا جائے گا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ آپ نے اتنے زبردست انداز میں عوام کی خدمت کی ہے اور اگر آپ اتنے پاپولر ہیں تو الیکشن سے بھاگ کیوں رہے ہیں؟

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی کے لوگوں سے کہتا ہوں 17،17 سال سے پراجیکٹ التوا کا شکار ہیں، 18 سال میں کراچی کے پانی کا منصوبہ شروع ہی نہیں ہوسکا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں اپنی مرضی چلانا چاہیں گے تو پورا ملک متاثر ہوگا، یہ شہر فنڈ دیتا ہے تو سب کا بجٹ بنتا ہے۔

سندھ حکومت کی کراچی ڈویژن، ڈسٹرکٹ حیدرآباد میں بلدیاتی انتخابات التوا کی درخواست پر غور ہوگا۔

حافظ نعیم نے کہا کہ کراچی سازشوں کا اڈا بنے گا تو ملک کیسے ترقی کرے گا، سب کے لیے بہتر راستہ شفاف انتخابات کا ہے، کل الیکشن ہوجائے تو میئر کا ڈائریکٹ الیکشن کراؤ، ڈرتے کیوں ہو۔

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ہمیشہ سودے بازی کی ہے، متحدہ کا ووٹر بہت مایوس ہے، اس لیے الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب مل کر الیکشن سے بھاگ رہے ہیں، ہم بھاگنے نہیں دیں گے، سازشیں بند کریں، پُرامن انداز میں الیکشن کرائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.