وزیراعلیٰ پنجاب الیکشن کیس میں ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری کے وکیل عرفان قادر نے عدلیہ سے متعلق ضروری قانون سازی پر زور دیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں عرفان قادر نے کہا کہ سپریم کورٹ کا مطلب اکیلا چیف جسٹس نہیں ہے، عدلیہ اور بار نظام عدل کے دو پہیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدلیہ سے متعلق ضروری قانون سازی کی جائے، پارلیمان اکثریت سے قانون بناتی ہے تو اس پر چیف جسٹس کچھ نہیں کرسکتے۔
عرفان قادر نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے رولز آئین کے آرٹیکل 191 کے تحت قانون کے تابع ہیں، تجاویز پر عمل ہوگا تو غلط فیصلے ختم ہوں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ رولز میں ترامیم جلد از جلد ایک سے دو دن میں کرنی چاہئیں، رولز میں ترامیم ہوں گی تو عدلیہ صحیح معنوں میں آزاد ہوگی۔
ڈپٹی اسپیکر پنجاب اسمبلی کے وکیل نے یہ بھی کہا کہ اس وقت کچھ سالوں سے عدلیہ پر چیف جسٹس بہت حاوی رہتے ہیں، جس عدلیہ پر فرد واحد حاوی ہوجائے وہ آزاد نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کی تعریف میں چیف جسٹس اور تمام ججز ہیں، یہ سب مل کر سپریم کورٹ بنتے ہیں، جو قانون پارلیمان بنائے گی یہ رولز اس کے تابع ہیں۔
Comments are closed.