روس میں عرب اسلامی وزرائے خارجہ نے فوری جنگ بندی اور مسئلہ فلسطین کے جلد حل پر زور دیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق روس میں عرب اسلامی وزرائے خارجہ اور وزیر خارجہ سرگئی لاروف کی سربراہی میں روسی قیادت کا اجلاس ہوا۔
ماسکو میں عرب اور اسلامی ممالک کے وفود کی قیادت سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کی۔
اس موقع پر روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ عالمی انسانی حقوق کے بنیادی قوانین سے متصادم دہشت گرد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں۔
انکا مزید کہنا تھا کہ غزہ کے مسئلے کے حل کیلئے فوری جنگ بندی اور یرغمالیوں کی جلد رہائی ناگزیر ہے، غزہ کی پٹی پہنچنے والی انسانی امداد ضرورت کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے بحران کے حل کیلئےعرب اور اسلامی ممالک زیادہ بہتر کردار ادا کرسکتے ہیں۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور سنجیدہ امن مذاکرات پر عملدرآمد کیا جائے۔
سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیاں انتہا پسندی بڑھا رہی ہیں، ہماری ترجیحات جنگ بندی کرا کر بےگناہ شہریوں کو تحفظ کی فراہمی اور انسانی سانحہ روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل کے سوا کوئی آپشن قابل قبول نہیں۔ جنگ بندی کے بعد صرف غزہ کی پٹی کے مستقبل کا تعین نہیں کرنا، پورے مسئلے کے حل کیلئے سوچ و بچار کرنے کی ضرورت ہے۔
سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی، محاصرے کا خاتمہ اور شہریوں کا تحفظ ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی پٹی کے اسپتال غیرمحفوظ بن چکے ہیں۔
Comments are closed.