سندھ ہائی کورٹ نے لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت کے دوران 9 ماہ سے لاپتہ نوجوان کی عدم بازیابی پر پولیس حکّام پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔
لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو کی سربراہی میں ہوئی۔
سماعت کے دوران لاپتہ نوجوان شاہ عنایت کی والدہ نے عدالت سے استدعا کی کہ میرے بیٹے کو بازیاب کروایا جائے، پولیس والے کچھ نہیں کر رہے، بیٹے کے بغیر میرا کلیجہ پھٹ رہا ہے۔
لاپتہ نوجوان کی والدہ نے بتایا کہ میرا بیٹا شاہ عنایت سی اے کا طلب علم ہے اور 9 ماہ سے لاپتہ ہے، اسے بازیاب کروایا جائے۔
لاپتہ نوجوان کی والدہ نے یہ بھی کہا کہ اگر یہاں انصاف نہیں ملا تو اللّٰہ کی عدالت میں جاؤں گی۔
جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ پولیس کو ایک ہفتے کی مہلت دے رہے ہیں۔
عدالت نے پولیس حکام کو لاپتہ نوجوان بازیاب کروانے کا حکم دیتے ہوئے 30 اکتوبر تک پیش رفت رپورٹ طلب کر لی۔
Comments are closed.