جمعہ 4؍ربیع الثانی 1445ھ20؍اکتوبر 2023ء

طیارہ امدادی سامان لے کر آج غزہ روانہ ہو گا: ترجمان دفترخارجہ

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ آج دوپہر ایک خصوصی چارٹر طیارہ کچھ امدادی سامان لے کر اسلام آباد سے غزہ کے لیے روانہ ہو گا، اسپیشل چارٹر طیارے میں امدادی سامان مصر کے ذریعے غزہ جائے گا، پاکستان کی جانب سے غزہ کے لیے ضروری ادویات، لحاف اور ٹینٹ بھجوائے گئے ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ غزہ اسپتال پر حملے کی پر زور مذمت کرتے ہیں، پاکستان غزہ میں سیز فائر کے حق میں ہے، فلسطینیوں کے حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں اور اسرائیل سے فوری سیز فائر کا مطالبہ کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان کو فلسطینی بہن بھائیوں کی حالت زار پر شدید تشویش ہے، اس ضمن میں پاکستان او آئی سی ممبر اسٹیٹ کے ساتھ رابطے میں ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق دنیا کو یہ باور کروانے کی ضرورت ہے کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر امداد پہنچے، پاکستانی وزیرِ خارجہ نے ایران، یو اے ای اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ سے فلسطین کے مسئلے پر بات کی ہے۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزارتِ خارجہ میں غیر قانونی غیر ملکیوں کے معاملے پر اجلاس ہوا ہے، اجلاس میں بتایا گیا ہے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکی ہمارے اس پلان میں شامل نہیں، غیر ملکیوں کی وطن واپسی کو آسان بنانے کے لیے وفاقی صوبائی سطح پر ہیلپ لائنز بنیں گی۔

ان کا کہنا ہے کہ سیکریٹری داخلہ کی سربراہی میں غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کی واپسی پر کمیٹی بنے گی، ڈیڈ لائن کے بعد حکومت فیصلہ کرے گی کہ غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں سے کیسے ڈیل کرنا ہے، پاکستان نے افغان زلزلہ متاثرین کے لیے امداد کی آفر کی تھی۔

ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ دنیا میں امن اور ڈائیلاگ کی حمایت کی ہے، پاکستان نے کبھی بھی کسی جنگ کا آغاز نہیں کیا، اسرائیل کی جانب سے پاکستان پر بے بنیاد الزامات کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق سعوی عرب اور پاکستان کے اشتراک سے جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کا اجلاس ہوا ہے، نگراں وزیرِ خارجہ نے اسرائیل فلسطین تنازع کی بنیادی وجہ دو ریاستی حل پر عمل درآمد نہ ہونا قرار دیا ہے۔

انہوں نے کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری ہیں، گزشتہ ہفتے بھارت نے سری نگر جامع مسجد کو سیل کیا، بھارت مذہبی، سیاسی اور سماجی شخصیات کی غیر قانونی گرفتاریوں کو روکے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بریفنگ کے دوران مزید کہا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سپورٹ جاری رکھے گا۔

ممتاز زہرا بلوچ کا کہنا ہے کہ بھارت میں صحافیوں پر مقدمات درج کرنا بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، ورلڈ کپ میزبان ہونے کے سبب بھارت سے اس کی ذمے داریاں پوری کرانا آئی سی سی کا کام ہے، افسوس ہے کہ بھارت کی جانب سے پاکستانی جرنلسٹس کو بھی ویزا جاری نہیں کیا گیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں 12 ہزار پاکستانیوں کے پاسپورٹ کے معاملے پر تحقیقات جاری ہیں۔

ترجمان دفترِ خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بتایا ہے کہ کل وزیرِ اعظم انوارالحق کاکڑ کی چینی وزیرِ اعظم سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور دوطرفہ تعلقات، سی پیک پر تبادلہ خیال کیا گیا، چین کے صدر شی جن پنگ سے انوارالحق کاکڑ آج ملاقات کریں گے۔

ترجمان دفترِ خارجہ نے بتایا کہ نگراں وزیرِ اعظم نے یو این کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے بھی ملاقات کی، جس کے دوران غزہ کی صورتِ حال پر بات کی۔

انہوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لیے چین گئے ہیں، گزشتہ روز افتتاحی اجلاس کے بعد وزیرِ اعظم نے فورم سے خطاب کیا، وزیرِ اعظم نے کانفرنس کی سائیڈ لائنز پر متعدد عالمی رہنماؤں سے ملاقات بھی کی، وزیرِ اعظم کاکڑ روسی صدر پیوٹن اور چینی ہم منصب سے بھی ملے۔

ترجمان دفترِ خارجہ کے مطابق نگراں وزیرِاعظم ارومچی کا دورہ بھی کریں گے اور کل وطن واپس پہنچیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.