بحیرۂ عرب میں موجود سمندری طوفان بائپرجوائے قریب آنے سے کراچی میں گرمی بڑھنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم، خشک اور مرطوب رہنےکا امکان ہے۔
شہرِ قائد میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے37 ڈگری سینٹی گریڈ ہو سکتا ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں جنوب کی سمت سے چلنے والی ہواؤں کی رفتار 10 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے جن میں نمی کا تناسب 57 فیصد ہے۔
سائیکلون کے قریب آنے پر گرمی مزید بڑھ سکتی ہے، پیر کو درجۂ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ سکتا ہے۔
بحیرۂ عرب میں انتہائی شدید سمندری طوفان بائپرجوائے موجود ہے جس کی وجہ سے جنوب مشرقی سندھ میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
سمندری طوفان کے دوران ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں، طوفان کے دوران بحیرۂ عرب میں لہریں 8 سے 10 فٹ بلند ہو سکتی ہیں۔
سمندری طوفان کے باعث کراچی کے ساحل پر دفعہ 144 نافذ ہے اور ماہی گیروں کو مچھلی کے شکار کے لیے سمندر میں جانے سے منع کیا گیا ہے۔
پابندی کے باوجود لوگ ساحل پر موجود ہیں اور مچھلی کا شکار کر رہے ہیں جبکہ ماہی گیر بھی سمندر میں لانچوں کے ساتھ موجود ہیں۔
کراچی، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور میر پور خاص میں 13 جون کی شام یا رات سے موسلادھار بارش متوقع ہے۔
Comments are closed.