بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

طالبان کمانڈر کا اپنی بارات کیلئے مبینہ طور پر سرکاری ہیلی کاپٹر کا استعمال

طالبان کمانڈر کی جانب سے اپنے ذاتی کاموں کے لیے مبینہ طور پر سرکاری وسائل کا استعمال دیکھنے میں آیا ہے، کمانڈر سرکاری ہیلی کاپٹر پر بارات لے گیا اور اپنی دلہن اسی کے ذریعے گھر لے آیا۔ 

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق طالبان کمانڈر صوبہ خوست سے دلہن لینے صوبہ لوگر پہنچا۔ بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ کمانڈر کا تعلق حقانی گروپ سے ہے۔ 

سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہورہی ہے جس کے حوالے سے یہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والا ہیلی کاپٹر طالبان کمانڈر نے اپنے ذاتی فائدے کے لیے استعمال کیا ہے۔ 

اس حوالے سے یہ بھی رپورٹس منظر عام پر ہیں کہ کمانڈر اپنی دلہن لینے کے لیے ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہی بارات لے کر گیا جبکہ واپسی بھی اسی ہیلی کاپٹر کے ذریعے ہوئی۔ 

واضح رہے کہ جن دو افغان صوبوں کے درمیان سفر سے متعلق بتایا جارہا ہے وہ دونوں ہی ملک کے مشرقی حصے میں واقع ہیں۔

دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق طالبان کے ڈپٹی ترجمان نے سوشل میڈیا پر ہیلی کاپٹر کی ویڈیوز کو کمانڈر کے خلاف پروپیگنڈا قرار دیا اور الزامات کو مسترد کردیا۔ 

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.