بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

طالبان عیدالاضحیٰ پر ہتھیار رکھ کر امن عمل کا اظہار کریں، امریکا

امریکا کا کہنا ہے کہ افغانستان میں جاری پرتشدد کارروائیوں کی مذمت کرتے ہیں، طالبان تشدد کا سلسلہ فوری روکیں، پرتشدد کارروائیاں پر امن سیاسی حل اورعوام کیلئے نقصان دہ ہیں، طالبان عیدالاضحیٰ پر ہتھیار رکھ کر امن عمل کیلئے اپنے عزم کا اظہار کریں ۔

افغانستان میں امریکی سفارتخانے نے افغانستان میں موجود تمام غیر ملکی مشن کی جانب سے بیان جاری کیا ہے جس میں اس کا کہنا ہے کہ طالبان کی پر تشدد کارروائیاں ان کے پر امن حل کے حامی ہونے کے دعوے سےمتصادم ہیں۔

امریکی سفارتخانہ نے کہا کہ طالبان کی پرتشدد کارروائیاں دوحہ امن عمل کے بھی خلاف ہیں، طالبان کے زیر قبضہ علاقوں میں خواتین کے حقوق کچلنےکی معتبر اطلاعات ہیں،جبکہ طالبان کے زیر قبضہ علاقوں میں میڈیا آرگنائزیشنز بند کرنے کی بھی اطلاعات ہیں۔

کابل میں امریکی ناظم الامور روز ولسن کا کہنا ہے کہ طالبان پورے افغانستان میں تشدد بند کریں۔

امریکا نے کہا کہ افغانستان میں امن میں پیشرفت فریقین کے ملکر کام کرنے سے ہی برقرار رہ سکتی ہے، طالبان اور تمام فریقین فوری طور پر تشدد روکیں اور طالبان سمیت تمام دیگر فریقین مستقل، جامع جنگ بندی پر متفق ہوں۔

امریکی سفارتخانے نے مزید کہا کہ طالبان اور تمام فریقین مکمل طور پر امن مذاکرات میں مشغول ہوں اور فریقین جامع سیاسی تصفیے پر رضا مند ہوں، طالبان اور تمام فریقین افغانستان کو دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہ بننے سے بچانا یقینی بنائیں۔

امریکا نے مطالبہ کیا کہ طالبان عیدالاضحیٰ پر ہتھیار رکھ کر امن عمل کیلئے اپنے عزم کا اظہار کریں ۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.