طاقتور اطالوی مافیا کا قاتل جو کئی سال پیزا شیف بن کر پولیس کو چکمہ دیتا رہا

  • مصنف, پال کربی
  • عہدہ, بی بی سی نیوز

پولیس

،تصویر کا ذریعہCARBINERI COSENZA

اٹلی کے مافیا کا سزا یافتہ قاتل، جو 2006 سے مفرور تھا، کم از کم تین سال تک فرانس میں نہ صرف کھلے عام پیزا شیف بن کر رہا بلکہ اخبارات کو انٹرویو بھی دیتا رہا۔

ایڈگارڈو گریکو کو آخرکار گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری حالیہ دنوں میں اطالوی حکام کی جانب سے اٹلی کے مافیا سے تعلق رکھنے والی دوسری بڑی اہم گرفتاری ہے۔

اس سے قبل 30 سال سے مفرور میٹیو میسینا ڈینارو کو اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ سسلی میں ایک کلینک پہنچے تھے۔

یہ دونوں افراد اٹلی کی پولیس کو 1990 کی دہائی میں ہونے والی بہیمانہ قتل کی وارداتوں میں مطلوب تھے۔

ایک جانب جہاں میسینا سسلی کے بدنام زمانہ کوسا نوسٹرا کے ’باسوں کے باس‘ کہلائے جاتے تھے، وہیں گریکو کا تعلق ایک ایسے منظم جرائم پیشہ گینگ سے تھا جسے این ڈرانگھیٹا کہا جاتا ہے۔

یہ گینگ اٹلی کے جنوبی علاقے کالابریا سے تعلق رکھتا ہے۔ تاہم اب یہ گروہ اٹلی کا سب سے طاقت ور مافیا بن چکا ہے جس کی کارروائیاں یورپ بھر سے لے کر جنوبی امریکہ تک پھیلی ہوئی ہیں۔

گینگ وار اور قتل

63 سالہ گریکو 1990 کی دہائی میں دو گروہوں کے درمیان مافیا جنگ میں دو بھائیوں کے قتل کی واردات میں مطلوب تھے۔

سٹیفانو اور جوزیپے بارٹولومیو کو جنوری 1991 میں اٹلی کے کوسینزا شہر میں قتل کیا گیا تھا اور ان کی لاشیں کبھی نہیں ملی تھی۔ خیال کیا جاتا ہے کہ ان کی لاشوں کو تیزاب میں ڈال کر ختم کر دیا گیا تھا۔

گریکو کا تعلق ان کے مخالف گینگ سے تھا اور ان پر اس الزام کے ساتھ ساتھ اسی سال ایک اور شخص کو بھی قتل کرنے کا الزام تھا۔

2006 میں جب مقامی عدالت کی جانب سے ان کی گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے گئے تو گریکو فرار ہو گئے۔

پولیس

،تصویر کا ذریعہGetty Images

نئی شناخت اور پیزا شیف

آٹھ سال بعد وہ فرانس کے شہر لیوں کے جنوب مغرب میں واقع سینٹ اٹئینے شہر میں نمودار ہوئے اور ایک اطالوی ریسٹورینٹ میں پیزا بنانے کی نوکری حاصل کر لی۔

گریکو نے اپنی شناخت بدل لی اور خود کو پاولو ڈیمیتریو کہلانا شروع کر دیا۔ گریکو نے جو نام استعمال کیا وہ شخص بھی اٹلی کے جنوب مشرق کا ایک مجرم تھا۔

اس وقت تک ان کے خلاف اطالوی عدالت سزا سنا چکی تھی اور ان کے خلاف یورپ میں وارنٹ گرفتاری بھی جاری ہو چکا تھا۔

تاہم جولائی 2021 تک گریکو اپنی نئی شناخت سے کافی پراعتماد ہو چکے تھے حتی کہ انھوں نے ایک مقامی اخبار کو انٹرویو بھی دیا جس میں انھوں نے اپنے ریسٹورنٹ کی مقامی اور علاقائی ترکیبوں کو فخریہ انداز میں پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیے

اس وقت تک گریکو داڑھی رکھ چکے تھے اور چشمہ استعمال کرنے لگے تھے۔

اخبار میں ان کو پیدائش کے اعتبار سے اطالوی لکھا لیکن ساتھ ہی کہا کہ دل سے وہ فرانس کے اس شہر کے مقامی بن چکے ہیں۔

گرفتاری

تاہم اٹلی کے مشہور مافیا مخالف پراسیکیوٹر نکولا گراٹیری جنھوں نے اٹلی کے اس طاقت ور مافیا سے نمٹنے میں دہائیاں گزار دی تھیں اب بھی گریکو کا پیچھا کر رہے تھے۔

ایک بیان میں اٹلی کی پولیس نے کہا کہ 2019 سے تفتیش کار گریکو کے حامیوں کا پتہ لگا رہے تھے اور آخر کار ان کو علم ہوا کہ وہ فرانس میں ہیں۔

گریکو کو تلاش کرنے کی مہم میں انٹرپول اور فرانس کی پولیس نے بھی حصہ لیا اور گریکو کا پیچھا کیا گیا جس کے بعد اطالوی پولیس نے ان کی شناخت کی تصدیق کرنے کے بعد ان کو گرفتار کر لیا۔

اطالوی وزیر داخلہ میٹیو پیانٹیڈوسی نے اٹلی کے بدترین مجرموں میں سے ایک کی گرفتاری پر پولیس کو سراہا جبکہ کالابریا خطے کے سربراہ نے کہا کہ اس گرفتاری سے منظم جرائم کی دنیا کے خلاف حکومت کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔

BBCUrdu.com بشکریہ