پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا ہے کہ طارق بشیر چیمہ کی فیملی کو ویکسین لگنے کی انکوائری کی جارہی ہے، انکوائری کمیٹی میں ایف آئی اے کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا کہ لوگوں کا اعتماد بڑھا ہے اور اب لوگ ویکسی نیشن کرا رہے ہیں۔
ڈاکٹر نوشین حامد کا کہنا ہے کہ اپریل اور جون میں ویکسین کی ملین خوراکیں آجائیں گی۔
پارلیمانی سیکریٹری صحت نے بتایا کہ ہمارا سسٹم ایسا ہے کہ اگر ویکسین غلط استعمال ہوتی ہے تو وہ فورا پکڑی جاتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کس کو ویکسین لگ رہی ہے، کہاں لگ رہی ہے، ایک ایک ڈیٹا موجود ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کورونا وائرس کی ویکسین کے لیے سیاسی اثر و رسوخ استعمال کرنے کے الزامات کی تردید کی تھی۔
ان کاکہنا تھا کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی ٹیم ان کے گھر ٹرائل ویکسین کا بوسٹر لگانے آئی تھی، یہی ٹیم اس سے پہلے بھی ٹرائل ویکسین کا پہلا بوسٹر لگانے آئی تھی۔
Comments are closed.