سندھ، پنجاب اور خیبر پختون خوا کے قومی اسمبلی کے 8 اور پنجاب اسمبلی کے 3 حلقوں میں ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، جس کے مطابق مجموعی طور پر تحریک انصاف کو برتری حاصل ہے۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ کسی وقفے کے بغیر شام 5 بجے تک جاری رہی۔ قومی اسمبلی کی مردان،چارسدہ، پشاور، فیصل آباد کی نشستوں پر ووٹ ڈالے گئے، ننکانہ، ملتان اور کراچی میں ملیر، کورنگی کی نشستوں پر بھی ووٹنگ ہوئی۔
قومی اسمبلی کی نشستیں پی ٹی آئی ارکان کے استعفوں کے بعد خالی ہوئی تھیں، پنجاب اسمبلی کی نشستوں میں پی پی139شیخوپورہ پر ووٹنگ ہوئی۔ پی پی209 خانیوال، پی پی241 بہاولنگر میں بھی ووٹ ڈالے گئے۔
این اے 22 مردان کے 330 مکمل پولنگ اسٹیشن میں سے 63 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 12373 ووٹ لے کر پہلے جبکہ جمعیت علمائے اسلام کے محمد قاسم نے 12040 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر ہیں۔
این اے 24 چارسدہ 2 کے 384 میں سے 143 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتائج کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان 27758 ووٹ لے کر آگے ہیں جبکہ عوامی نیشنل پارٹی کے ایمل ولی خان نے 24904 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 31 پشاور کے تمام 265 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ آگیا، جس کے مطابق تحریک انصاف کے عمران خان 57 ہزار 824 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے۔
اے این پی کے غلام احمد بلور 32 ہزار 817 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
این اے 108 کے 354 پولنگ اسٹیشنز میں سے 150کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 38467 ووٹ لے کر آگے، جبکہ ن لیگ کے عابد شیر علی 27631 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
این اے 118 ننکانہ صاحب کے 29 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے عمران خان 8551 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب علی نے 7065 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 157 ملتان کے تمام 264 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے سید علی موسیٰ گیلانی 79743 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
پاکستان تحریک انصاف کی مہر بانو قریشی نے 59993 ووٹ حاصل کیے۔
این اے 237 کراچی ملیر کے 194 میں سے 101 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیرحتمی نتیجہ سامنے آگیا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے عبدالحکیم بلوچ 12712 ووٹ لے کر آگے جبکہ عمران خان 11339ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
این اے 239 کراچی، کورنگی کے 330 میں سے 41 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا۔
جس کے مطابق پی ٹی آئی کے عمران خان 5554 ووٹ لے کر پہلے نمبر جبکہ متحدہ قومی موومنٹ کے سید نیئر رضا 1064 ووٹ لے کردوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پی پی 139 شیخوپورہ کے 151میں سے 102 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری افتخار احمد بھنگو 25510 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر ہیں۔
پاکستان تحریک انصاف کے محمد ابوبکر 23388 ووٹ حاصل کرنے کے بعد دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پی پی 209 خانیوال کے ضمنی انتخاب میں 176 میں سے 30 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے محمد فیصل خان نیازی 10116 ووٹ لے کر آگے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے چوہدری ضیاء الرحمان 8249 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔
پی پی 241 بہاولنگر 5 کے 11 پولنگ اسٹیشنز کا غیر سرکاری غیر حتمی نتیجہ سامنے آگیا، جس کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے امان اللّٰہ ستار 3812 ووٹ لے کر پہلے نمبر پر جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے ملک محمد مظفر خان نے 3096 ووٹ حاصل کیے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی صوبائی اسمبلی کے11حلقوں میں الیکشن مجموعی طور پر پُر امن رہا، پولنگ سے متعلق الیکشن کمیشن مرکزی کنٹرول روم کو15 شکایتیں موصول ہوئیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ زیادہ تر شکایات کارکنوں کے تصادم اور معمولی نوعیت کے جھگڑوں سے متعلق تھیں، موصول ہونے والی تمام شکایات کو فوری طور پر حل کر دیا گیا۔
ملک کے مختلف حصوں میں قومی اور صوبائی نشستوں پر ضمنی الیکشن کے دوران کہیں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی گئی،کہیں سیاسی ورکرز سامنے آگئے تو کہیں ووٹر خاتون کی جگہ دوسری خاتون نے ووٹ کاسٹ کرلیا۔
خواتین کے ایک پولنگ اسٹیشن میں خاتون نے دوسری خاتون کا ووٹ کاسٹ کر دیا، مُہر لگانے کے بعد خاتون نے بیلٹ پیپر ووٹر خاتون کو پکڑا دیا۔
ملتان این اے 157 کے ایک پولنگ اسٹیشن میں نا معلوم ووٹر نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتےہوئے بیلٹ پیپر پر مُہر لگانےکی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی، عملہ ووٹرز کو موبائل اندر لے جانے سے روکنے پر نا کام رہا۔
ملتان کےسردارپور پولنگ اسٹیشن پرسیاسی کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی پر کشیدگی کی وجہ سے پولنگ کاعمل کچھ دیر کے لئے رکا رہا۔
فیصل آباداین اے 108 ضمنی انتخاب کےدوران پولنگ اسٹیشن 305 میں سیاسی ورکرز آمنے سامنے آگئے، سیاسی گرما گرمی کے باعث کچھ دیر کیلئے پولنگ کا عمل متاثر رہا۔
خانیوال میں پی پی 209 کےنواحی گاؤں میں پولنگ اسٹیشن کے باہر پی ٹی آئی کے امیدوار فیصل خان نیازی کے بڑے بھائی اور ن لیگ کے امیدوار ضیاالرحمان کے بڑے بھائی آپس میں لڑ پڑے، دونوں امیدواروں کے حمایتیوں کے درمیان ہاتھا پائی اور دھکم پیل ہوئی۔
Comments are closed.