پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کارکنوں سے براہ راست خطاب کررہے ہیں۔
ضمنی الیکشن جیت کر بھی عمران خان الیکشن کمیشن پر بدستور برہم نظر آئے، ان کا کہنا تھا کہ جنہوں نے پنجاب ضمنی الیکشن کروایا انہیں سزا دینی چاہیے۔
لاہور کے لبرٹی چوک میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کو ہرانے کا ہر حربہ استعمال کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ کو بتایا کہ سینیٹ الیکشن میں 30 سالوں سے پیسہ چلتا ہے، عدالت نے رولنگ دی کہ ویری فائی ایبل ووٹ ہونا چاہیے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ جتنا پیسہ پنجاب کے ضمنی الیکشن میں چلا، اس کی ماضی میں تاریخ نہیں ملتی، سیاسی جماعتیں پیسہ چلاتی تھیں، دھاندلی کرتی تھیں۔
عمران خان نے کہا کہ پی ڈی ایم نے الیکٹرونک ووٹنگ مشینز کی بھرپور مخالفت کی، پی ڈی ایم سے زیادہ مخالفت الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی مخالفت کی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پنجاب میں وزیر اعلیٰ تحریک انصاف کا بننا ہے، دونوں جماعتوں نے پھر پیسہ چلانا شروع کر دیا، ہمارے دور میں اتحادی ہمیں بلیک میل کرتے رہے، انہوں نے آئین سے غداری کی، دوسری طرف جا کر بیٹھ گئے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ 30 سال سے آصف زرداری چوری کر رہا ہے، پیپلز پارٹی اور ن لیگ ایک دوسرے کو چور کہتے رہے، ان کو بچایا گیا، جن کے پاس طاقت تھی انہوں نے بچایا۔
عمران خان نے کہا کہ ہم ساڑھے تین سال بے بسی سے دیکھتے رہے، کبھی بنچ ٹوٹ گیا، کبھی کمر میں درد ہوگیا، ان لوگوں کو بچایا گیا، پھر انہوں نے ہماری حکومت گرائی، جب ان کو ضمنی انتخاب میں شکست دی، تو پیسہ چلانا شروع کردیا، آصف زرداری اس ملک کی توہین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے تجارتی مرکز میں ان چوروں کو بٹھایا ہوا ہے، اگر انہوں نے عوامی مینڈیٹ چوری کیا تو ملک سری لنکا بن جائے گا، پھر کوئی عوامی احتجاج کنٹرول نہیں کرسکے گا، پھر میں ذمے دار نہیں ہوں گا کہ کیا ہوگا، پھر یہ لوگ چھپتے پھریں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ڈالر اوپر جا رہا ہے، روپیہ نیچے جا رہا ہے، یہ دانت نکال رہے ہیں۔
Comments are closed.