صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان السعود نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
صدر عارف علوی سے ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں گیا کہ اس ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں تعلقات کی موجودہ سطح کو وسعت دینے پر زور دیا گیا۔
اس میں کہا گیا کہ تجارت، معیشت کے شعبے میں دوطرفہ تعلقات استوار کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔
اس موقع پر صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان برادر ملک کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ سعودی قیادت کا وژن 2030، سرسبز سعودی عرب، سرسبز مشرق وسطیٰ منصوبے لائقِ تحسین ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں۔
انھوں نے کہا کہ عالمی وبا کے دوران حج کے کامیاب انتظامات پر سعودی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں معصوم مسلمانوں پر ہونے والے بھارتی مظالم پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بین الاقوامی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ عالمی برادری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت دے۔
انھوں نے کہا کہ امید ہے سعودی وزیر خارجہ کے دورے سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
اس موقع سعودی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان حقیقی طور پر برادرانہ تعلقات ہیں۔
انھوں نے کہا کہ سعودی عرب دو طرفہ تعاون برقرار رکھنے کا خواہاں ہے، سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک سعودی اقتصادی تعلقات کومزید فروغ دینےکی ضرورت ہے۔
Comments are closed.