آزاد جموں و کشمیر کے صدر کے انتخاب میں امیدوار کے لیے تحریکِ انصاف نے بیرسٹر سلطان محمود کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا دیئے، جو الیکشن کمیشن نے درست قرار بھی دے دیئے۔
الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کے مظفر آباد میں واقع دفتر میں خواجہ فاروق احمد، غلام محی الدین دیوان اور چوہدری اخلاق نے بھی صدارت کے امیدوار کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے۔
متحدہ اپوزیشن کی جانب سے ممبر اسمبلی میاں عبدالوحید کو صدرِ آزاد کشمیر کے لیے مشترکہ امید وار نامزد کیا گیا ہے، جن کے کاغذاتِ نامزدگی بھی جمع کرا دیئے گئے۔
میاں عبدالوحید کا تعلق پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر سے ہے۔
دوسری جانب مظفر آباد دفتر میں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر جسٹس عبدالرشید سلہریا نے پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود اور میاں عبدالوحید کے کاغذاتِ نامزدگی درست قرار دے دیئے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ 2 دیگر درخواستیں بھی موصول ہوئی تھیں، تاہم دونوں امیدواروں کے تائید اور تجویز کنندہ نہیں تھے، جس کی وجہ سے ان کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں۔
آزاد کشمیر کے نئے صدر کے انتخاب کے لیے قانون ساز اسمبلی میں پولنگ 17 اگست کو ہو گی۔
Comments are closed.