وزیراعظم شہباز شریف نے شیشپر گلیشیئر جھیل سے پانی اخراج سے تباہی پر ہنگامی اقدامات کا حکم دے دیا۔
وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ عوام کے جان ومال کی حفاظت اور محفوظ مقامات پر منتقلی یقینی بنائیں۔
شہباز شریف نے متاثرہ علاقوں میں خوراک،ادویات اور ضروری ہنگامی سامان پہنچانے کا حکم دیا۔
انہوں نے وفاقی اداروں کو گلگت بلتستان کی حکومت کی بھرپور معاونت کا بھی حکم دیا۔
وزیراعظم نے نقصانات اور متاثرہ عوام کے حوالے سے رپورٹ طلب کرلی۔
اس کے علاوہ وزیراعظم نے شاہراہِ قراقرم پر حسن آباد پل بہنے کے باعث متبادل راستہ تیار کرنے کی ہدایت کردی۔
انتظامیہ کو زرعی اور پینے کے پانی کے نظام کی تباہی،2 بجلی گھر متاثرہونے کا تخمینہ لگانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
وزیراعظم نے 700 اور250 میگاواٹ بجلی گھروں کی جنگی بنیادوں پر بحالی کا حکم بھی دیا۔
انہوں نے کہا ہے کہ بجلی گھروں کی بحالی و مرمت پر اخراجات وفاقی حکومت ادا کرے گی۔
وزیراعظم نے شاہراہ قراقرم کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں بھی رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متاثرہ عوام کی بھرپور ہنگامی مدد اور بحالی کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کریں گے۔
وزیراعظم نے متاثرہ خاندانوں سے نقصانات پر اظہار ہمدردی اور افسوس بھی کیا۔
واضح رہے کہ گلگت بلتستان کی وادیٔ ہنزہ کے علاقے حسن آباد میں شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کے اخراج نے تباہی مچا دی، حسن آباد میں پل گرنے کے بعد 22 گھر خالی کرا لیے گئے۔
شیشپر گلیشیئر میں بننے والی جھیل سے پانی کا اخراج شروع ہو گیا تھا، پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے باعث شاہراہِ قراقرم پر بنا حسن آباد پل گر گیا۔
Comments are closed.