وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے جہانگیر ترین کے مسئلے کو حساس ترین قرار دیدیا۔
میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید نے ایک سوال کے جواب میں جہانگیر ترین کے مسئلے کے حوالے سے کہا کہ یہ بہت حساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے لیے اپوزیشن جماعتیں یا اتحاد نہیں، مہنگائی اصل چیلنج ہے، وزیراعظم کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم ختم ہوچکی، آپس میں جوتیوں میں دال بٹ گئی ہے، سب سے زیادہ نقصان فضل الرحمٰن کی سیاست کو پہنچا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی سمجھدار پارٹی ہے، آصف زرداری تاش چھاتی کے ساتھ لگا کر کھیل رہا ہے۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف وطن واپسی کی خواہش ظاہر کریں تو 24 گھنٹوں میں اُن کی آمد کا بندوبست کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ اپنے خلاف خود مسائل پیدا کر رہی ہے، فوج کے خلاف زبان استعمال کرنے پر ن لیگ کو قیمت ادا کرنی پڑے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ چینی اسکینڈل اور منی لانڈرنگ کے معاملات شہزاد اکبر دیکھ رہے ہیں، شوگر اسکینڈل پر 57 اکاؤنٹ منجمد کئے گئے، 19بے نامی تھے۔
انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے میں بہتری کیلئے کوششیں جاری ہیں، ایف آئی اے میں کرپٹ لوگوں کے خلاف کارروائی ہو گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ رمضان پیکیج کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، حکومت نے مافیا پر ہاتھ ڈالا ہے، عمران خان 5 سال پورے کرے گا اور اگلے الیکشن میں بھی ڈٹ کر مقابلہ کرے گا۔
اُن کا کہنا تھا کہ ای پاسپورٹ جون سے پہلے شروع ہو جائیں گے، چینی اسکینڈل میں کسی کو ای سی ایل سی پر نہیں ڈالا۔
Comments are closed.