بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شیخوپورہ میں 8 افراد کا قتل، غفلت برتنے پر SHO سمیت 5 اہلکار معطل

شیخوپورہ کے نواحی گاؤں میں 8 افراد کے قتل کے واقعے میں غفلت برتنے پر تھانہ نارنگ کے ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار معطل کر دیے گئے۔

ایس ایچ او اور دیگر اہلکاروں کو ابتدائی انکوائری کے بعد معطل کیا گیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے لندن سے آئی جی پولیس فیصل شاہکار سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کہا کہ متعلقہ ایس ایچ او اور اہلکار پہلے واقعے پر کارروائی کرتے تو یہ واقعہ پیش نہ آتا۔

چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ ایس ایچ او اور اہلکاروں نے سنگین غفلت کا بدترین مظاہرہ کیا، پولیس کی روایتی سستی اور غفلت سے 8 بے گناہ افراد کی جان چلی گئی، غفلت کے ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔

ڈی پی او شیخوپورہ کے مطابق آٹھوں افراد کو مختلف مقامات پر کلہاڑی کے وار کرکے سوتے میں قتل کیا گیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے آئی جی کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر صورت انصاف فراہم کیا جائے، آئی جی پنجاب ذاتی نگرانی میں افسوسناک واقعہ کی تفتیش کرائیں۔

آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے وزیرِ اعلیٰ پنجاب کو واقعے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق ملزم فیض نے تیز دھار آلے اور راڈ سے سڑکوں اور کھیتوں میں سوئے 8 افراد کو قتل کیا، ملزم فیض کا میڈیکل معائنہ کرایا جا رہا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ملزم فیض نے 2 روز قبل بھی دو شہریوں کو زخمی کیا تھا، تھانہ نارنگ کے پولیس اہلکاروں نے اطلاع ملنے کے باوجود کوئی کارروائی نہ کی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.