شہزادہ ہیری کا بیٹا آرچی ’شہزادہ‘ کیوں نہیں ہے؟
برطانوی شاہی خاندان کی رکن ڈچز آف سسیکس میگھن مرکل نے اوپرا ونفری سے اپنے انٹرویو میں کہا کہ جب وہ امید سے تھیں تو اسی وقت سے ان کے بچے کے مستقبل اور اس بارے میں گفتگو شروع ہوگئی تھی کہ اس کو کیا خطاب دیا جائے گا۔
میگھن نے کہا ‘وہ کہہ رہے تھے کہ وہ نہیں چاہتے کہ یہ بچہ شہزادہ یا شہزادی بنے جو کہ شاہی خاندان کے حفظِ مراتب یا ادب آداب کے خلاف ہے حالانکہ وہ اس وقت تک یہ بھی نہیں جانتے تھے کہ بچہ ہو گا یا بچی‘۔
اس بارے میں شاہی ادب آداب کیا ہیں؟
شاہی ادب آداب اور قواعد کے تحت جس کسی کو بھی شہزادہ یا شہزادی قرار دیا جاتا ہے وہ ‘رائل ہائنس’ (ایچ آر ایچ) کہلوانے اور مخاطب کیے جانے کا استحقاق رکھتا ہے اور یہ استحقاق ایک شاہی فرمان یا ‘لیٹر آف پیٹنٹ’ کے ذریعے دیا جاتا ہے جو نومبر 1917 میں کنگ جارج پنجم نے جاری کیا تھا۔
‘لیٹر آف پیٹنٹ’ ایک قانونی دستاویز ہے جو کہ بادشاہ یا ملکہ کی طرف سے ایک کھلے خط کی طرح ہوتا ہے جس کے ذریعے شاہی خطابات اور احکامات جاری کیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیے
سنہ 1917 میں جاری ہونے والے خط میں جارج پنجم نے ایک فرمان کے ذریعے یہ احکامات جاری کیے تھے کہ شاہی فرماروا کے پڑپوتوں اور پڑپوتیاں شہزادے یا شہزادیاں نہیں ہوں گے، ماسوائے پرنس آف ویلز کے سب سے بڑے بیٹے کے اپنے سب سے بڑے بیٹے کو یہ خطاب حاصل ہوگا۔
موجودہ صورت حال میں اس کا مطلب یہ ہے کہ پرنس جارج (پرنس ولیم کے بڑے بیٹے) خود بخود شہزادہ کہلائیں گے لیکن آرچی کو یہ حثییت نہیں ملے گی باوجود اس کے کہ وہ دونوں ملکہ کے پڑ پوتے ہیں۔
اس حساب سے شہزادہ جارج کے بھائی اور بہن، شارلیٹ اور لوئس کو بھی شاہی حاندان میں یہ حیثیت حاصل نہیں ہو گی۔
لیکن دسمبر سنہ 2012 میں ملکہ نے بھی ایک ‘لیٹر پیٹنٹ’ جاری کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ شہزادہ ولیم کے بچوں کو بھی شہزادہ اور شہزادی کہا جائے گا اور ان کو ’ایچ آر ایچ‘ کہہ کر مخطاب کیے جانے کا استحقاق ہوگا۔
آرچی کا خطاب کیا ہوگا؟
سنہ 1917 کے خط کے تحت آرچی کو شہزادہ کہلوانے کا حق ہے لیکن فی الوقت نہیں۔
شہزادہ ہیری اور میگھن کے بچوں کو اس وقت تک انتظار کرنا پڑے گا جب تک کہ پرنس چارلس بادشاہ نہیں بن جاتے، اس وقت وہ بادشاہ کے پوتے اور پوتیاں بن جائیں گے اور ان کو شہزادہ اور شہزادی کہلوانے کا حق حاصل ہو جائے گا۔
شاہی خاندان کا شجرہ اور وراثت
اس ہی وجہ سے پرنس اینڈریو (شہزادہ چارلس کے بھائی) کی بیٹیاں بیٹرس اور ایوگن پیدائشی طور پر ہی شہزادیاں کہلائی جاتی تھیں کیوںکہ ان کی پیدائش کے وقت ان کے والد پرنس اینڈریو کی والدہ ملکہ تھیں، لیکن ایوگن کا بیٹا جو گزشتہ سال اگست میں پیدا ہوا تھا وہ شہزادہ نہیں کہلائے گا۔
ڈچز آف سسیکس میگھن کو اس بارے میں اچھی طرح معلوم ہے۔
اسی وجہ سے اپنے انٹرویو میں انھوں نے کہا تھا کہ جارج پنجم اور جارج ششم کی روایت کا مطلب ہے کہ ان کے بیٹے آرچی کو اس وقت شہزادہ کہلوانے کا حق ہو گا جب ہیری کے والد بادشاہت سنبھالیں گے۔
لیکن انھوں نے اس انٹرویو کے دوران مزید کہا کہ جب وہ حاملہ تھیں تو انھیں بتایا گیا کہ ’وہ آرچی کے معاملے میں اس روایت کو بدل دیں گے‘ تاکہ وہ شہزادہ نہ بن سکے۔
انھوں نے اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں لیکن بکنگھم پیلس نے ان کے اس دعوے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
Comments are closed.