شہزادہ ہیری اور میگھن شاہی زندگی میں واپس نہیں لوٹ رہے
بکنگھم پیلس نے کہا ہے کہ شہزادہ ہیری اور ان کی اہلیہ میگھن برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے شاہی فرائض انجام دینے کے لیے واپس نہیں آئیں گے۔
ملکہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ جوڑا ’ان ذمہ داریوں اور فرائض کو جاری نہیں رکھ سکتا جو عوامی زندگی کے ساتھ آتے ہیں۔‘
محل کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن ان افراد میں شامل ہیں جن سے ’خاندان کو بہت زیادہ پیار ہے۔‘
یہ بھی پڑھیے
جوڑے کا کہنا ہے کہ ’خدمت عالمگیر ہے‘ اور انھوں نے ان تنظیموں کی حمایت جاری رکھنے کی پیشکش کی جن کی وہ نمائندگی کرتے رہے ہیں۔
ڈیوک اور ڈچز نے گذشتہ جنوری میں اعلان کیا تھا کہ وہ شاہی خاندان کے ’سینیئر‘ ارکان کی حیثیت سے دستبردار ہو رہے ہیں اور معاشی طور پر آزاد ہونے کے لیے کام کریں گے۔
وہ اس اعلان کے بعد گذشتہ سال مارچ میں اپنی شاہی ذزہ داریوں سے دستبردار ہوگئے تھے اور یہ منصوبہ بنایا گیا تھا کہ 12 مہینے کے بعد اس کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
جوڑے نے چند دن قبل اس تصویر کے ساتھ دنیا کو آگاہ کیا تھا کہ ان کے ہاں دوسرا بچہ ہونے والا ہے
اب محل کی طرف سے اس تازہ تصدیق کا مطلب یہ ہے کہ شہزادہ ہیری اور میگھن، جو اب کیلیفورنیا میں رہتے ہیں، اپنی اعزازی فوجی تقرریاں اور شاہی سرپرستیاں واپس کریں گے۔
شہزادہ ہیری کے نام کے ساتھ اب بھی ’شہزادے‘ کے لفظ کا استعمال کیا جائے گا کیوں کہ وہ شاہی خاندان میں پیدا ہوئے ہیں۔
محل کے اس اعلان سے قبل شہزادہ ہیری اور شاہی خاندان کے درمیان بات چیت ہوئی تھی۔
بکنگھم پیلس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے ’ملکہ نے تصدیق کرتے ہوئے لکھا ہے کہ شاہی خاندان کی ذمہ داریوں سے دستبردار ہونے کے بعد عوامی ذمہ داریوں اور فرائض کو جاری رکھنا ممکن نہیں ہے، جو عوامی خدمت کی زندگی کے ساتھ آتی ہیں۔
’اگرچہ سبھی ان کے فیصلے پر دکھی ہیں، لیکن ڈیوک اور ڈچز خاندان کے بہت پیارے رکن رہیں گے۔‘
ہیری اور میگھن کے ایک ترجمان نے کہا: ’جیسا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران ان کے کام سے عیاں ہے، ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس برطانیہ اور پوری دنیا میں اپنے فرائض اور خدمات کے لیے پر عزم ہیں، اور انھوں نے قطع نظر کسی سرکاری کردار کے ان تنظیموں کو اپنی مستقل حمایت کی پیشکش کی ہے، جن کی وہ نمائندگی کرتے رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا: ’ہم سب خدمت کرنے والی زندگی گزار سکتے ہیں۔ خدمت عالمگیر ہے۔‘
رائل نامہ نگار جانی ڈائمنڈ کے مطابق یہ ایک رسمی کارروائی ہو سکتی ہے۔ جائزہ لینے کی مدت کا اختتام ہو رہا ہے، یہ بہت واضح ہے کہ ڈیوک اور ڈچز آف سسیکس کی مستقبل کے سفر کی سمت کیا ہے اور یہ بھی واضح ہے کہ کیلیفورنیا سے سرپرستی اور تقرریوں کو نہیں دیکھا جا سکتا۔ آپ کی خدمت کا شکریہ، الوداع۔
لیکن اس کے بجائے یہ بیان ایک ایسے وقت پر آیا ہے جب ڈیوک آف ایڈنبرا پرنس فلپ ہسپتال میں ہیں۔ ایسا لگتا ہے جیسے ابھی کافی زیادہ تلخی باقی ہے۔
محل کی طرف سے بیان سے ملکہ کے فلسفے کی نشاندہی ہوتی ہے۔ جہاں تک ان کا تعلق ہے جوڑے نے عوامی خدمت کی زندگی ترک کر دی ہے۔ اس لیے اعزازی کمانڈز اور سرپرستیوں کو جانا ہو گا۔ آپ ایسا نہیں کر سکتے کہ آدھا رکھ لیں اور آدھا چھوڑ دیں۔
ہیری کے دادا ڈیوک آف ایڈنبرا ہسپتال میں ہیں۔ تو اب کیوں؟ ایک ذرائع کا کہنا ہے کہ کہانی پہلے ہی باہر آچکی تھی اور ویک اینڈ پر یہ تمام اخبارات میں ہوتی۔
یہ اعلان جوڑے کے اس انکشاف کے کچھ دن بعد سامنے آیا جس میں انھوں نے کہا تھا ان کے ہاں دوسرا بچہ ہونے والا ہے۔
وہ اگلے ماہ اوپرا ونفری کے ساتھ ایک ٹی وی انٹرویو میں شاہی زندگی سے علیحدگی کے اپنے فیصلے کے بارے میں بات کرنے والے ہیں۔
شاہی فرائض سے دستبردار ہونے کے بعد سے انھوں نے سٹریمنگ کمپنی نیٹ فلکس اور سپاٹیفائی کے ساتھ بھی معاہدے کیے ہیں۔
اپنے والد کو لکھے گئے ایک خط کا متن شائع کرنے پر ڈچز نے حال ہی میں میل آن سنڈے کے خلاف ہائی کورٹ میں ایک جنگ بھی جیتی ہے۔
ہیری اور میگھن کو کن عہدوں سے دستبردار ہونا ہوگا؟
ڈیوک اینڈ ڈچز آف سسیکس کو اپنے فوجی، دولتِ مشترکہ اور خیراتی اداروں کے ساتھ کردراوں کو ملکہ کو واپس کرنا پڑے گا۔
ہیری کے لیے یہ ہیں:
کیپٹین جنرل، دی رائل میرینز
- اعزازی ایئر کمانڈنٹ، آر اے ایف ہوننگٹن
- کموڈور ان چیف، رائل نیوی سمال شپس اینڈ ڈائیونگ
- صدر، دی کوینز کامن ویلتھ ٹرسٹ
- پیٹرن، دی رگبی فٹبال یونین
- پیٹرن، دی رگبی فٹبال لیگ
اور میگھن کے لیے:
- نائب صدر، دی کوینز کامن ویلتھ ٹرسٹ
- پیٹرن، دی رائل نیشنل تھیئٹر
- پیٹرن، دی ایسوسی ایشن آف کامن ویلتھ یونیورسٹیز
Comments are closed.