وزیراعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ شہریوں نے لاپرواہی کی جس کے باعث کورونا وائرس کے مثبت کیسز بڑھے ہیں، ایس او پیز پر عملدرآمد کیلئے فوج سے مدد لی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتوں میں کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ نظر آیا، 2 سے 4 فیصد کورونا وائرس کیسز میں اضافہ ہوا ہے، ایلفا قسم کے بعد نئی ڈیلٹا قسم کی بھی تشخیص ہوئی ہے۔
فیصل سلطان نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ ویکسین کووڈ سے مقابلے کی بہترین حکمتِ عملی ہے، پابندیاں، ماسک اپنی جگہ، ویکسین ضروری ہے۔ ملک میں ویکسین کی وافر مقدار موجود ہے۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ موجودہ اقدامات اور کورونا پابندیوں پر عملدرآمد ضروری ہے، ویکسین لگوا کر سیاحت پر جاسکتے ہیں، عید کی چھٹیوں میں سیاحت کیلئے ویکسی نیشن کا سرٹیفکیٹ ہونا ضروری ہے۔
معاونِ خصوصی نے کہا کہ ان لوگوں کو سیاحت کی اجازت دیں گے جنہوں نے ویکسین لگوائی ہو، بڑے شہروں اورسیاحتی مقامات پر ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔
Comments are closed.