وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ نے پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گِل کی اہلیہ اعزا اسد رسول کی ڈگری کے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی کے رہنما شہباز گِل کی اہلیہ کی ڈگری کے معاملے پر کامسیٹس یونیورسٹی کی رپورٹ وزارتِ سائنس کو موصول ہو گئی جس پر وفاقی وزیر نے تحقیقات کا حکم دیا۔
رپورٹ کے مطابق شہباز گِل کی اہلیہ 2011ء میں اسکالر شپ کے تحت امریکا پی ایچ ڈی کرنے گئی تھیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ وزارتِ سائنس نے اسکالر شپ منصوبے کی 2014ء تک فنڈنگ کی تھی، 2014ء کے بعد یہ منصوبہ ایچ ای سی کے حوالے کیا گیا۔
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی کے حکم پر وزارت کے افسران کی کمیٹی شہباز گل کی اہلیہ کے اسکالر شپ کے معاملے پر تحقیقات کرے گی۔
وفاقی وزیر آغا حسن بلوچ نے اس حوالے سے کہا ہے کہ پیسوں کی ریکوری کر کے انہیں غریب بچوں کی تعلیم پر خرچ کیا جائے۔
وفاقی وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی آغا حسن بلوچ کامسیٹس یونیورسٹی کے پرو ریکٹر بھی ہیں۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کی اہلیہ اعزا اسد رسول کا کامسیٹس یونیورسٹی کی 1 کروڑ 86 لاکھ روپے کی نادہندہ ہونے کا انکشاف سامنے آنے پر یونیورسٹی نے شہباز گلِ کی اہلیہ کو شو کاز نوٹس جاری کیا تھا۔
دستاویز کے مطابق شہباز گِل کی اہلیہ سرکاری خرچ پر 2011ء میں پی ایچ ڈی کرنے امریکا گئی تھیں اور 11سال بعد بھی واپس نہیں آئیں، یونیورسٹی کی جانب سے 99 ہزار ڈالرز کے سرکاری اخراجات کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق شہباز گِل اہلیہ کے خلاف کارروائی رکوانے کے لیے یونیورسٹی پر اثر انداز ہوتے رہے ہیں۔
اعزا اسد رسول نے مارچ 2011ء میں پی ایچ ڈی کے لیے سرکاری فنڈز سے اسکالر شپ حاصل کی تھی۔
Comments are closed.