سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ شہباز شریف کی گورننس اور تجربہ قوم کے سامنے پوری طرح بے نقاب ہو چکا ہے۔
لاہور میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق غنی اور پنجاب کے سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید سے چوہدری پرویز الہٰی نے ملاقات کی۔
اس دوران ملک کی سیاسی، معاشی صورتحال اور پارٹی سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ مہنگائی کا طوفان غریب عوام کی زندگیاں تباہ کر رہا ہے، نااہل حکمران ملک اور عوام پر رحم کھائیں اور اقتدار چھوڑ دیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پاکستان کی تاریخ کے نااہل ترین حکمران ثابت ہوئے ہیں، ڈالر کی اڑان اور مہنگائی کا طوفان عوام کو نگل رہا ہے۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ شہباز شریف کی گورننس اور تجربہ پوری قوم کے سامنے بےنقاب ہو چکا ہے، پی ڈی ایم کو ایک ہی خوف ہے کہ الیکشن میں ان کا سیاسی جنازہ نکل جانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام کے لیے عام انتخابات کروائےجائیں، حکمران سپریم کورٹ کے فیصلے کے آگے سرِ تسلیم خم کریں ورنہ آئین شکنی کے مرتکب ہوں گے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے خلاف جھوٹے مقدمات بھی حکمرانوں کو نہیں بچا سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ہفتے سے انتخابی مہم شروع کرنے جا رہی ہے، جلد ہی آئندہ کا لائحہ عمل بھی دیں گے۔
Comments are closed.