متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے کہا ہے کہ کراچی کا انفرا اسٹرکچر بہت خراب ہوچکا ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ میئر کراچی کو گئے 10 ماہ ہوگئے ہیں، شہر میں کوئی کام نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ جہاں ڈسٹرکٹ چیئرمین پیپلز پارٹی کے رہے وہاں صورتحال بدتر ہے، موجودہ مون سون میں ان کی کارکردگی کی قلعی کھل جائے گی۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ جس جماعت کی سیاسی چائنہ کٹنگ کی گئی آج موجودگی کا احساس دلا رہی ہے، ایم کیو ایم پاکستان عدم تشدد کی راہ پر گامزن ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ چاروں صوبوں کی زنجیر سمٹ کر صوبے کی ایک کڑی بن گئی ہے، سندھ کے سندھی خود پیپلز پارٹی سے پریشان ہیں۔
خواجہ اظہار نے یہ بھی کہا کہ سندھ کی ترقی کے لیے پیپلز پارٹی کو مسترد کرنا ہوگا، پی پی کی دھوکا دہی کی وجہ سے پی ڈی ایم تباہ ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ شکر ہے ناصرشاہ نے جاکر اورنگی ٹاؤن دیکھا تو صحیح، وہ خوشبو لگا کر نیو کراچی بھی آجائیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ کہیں کوئی افسر دورہ کرتے ہوئے نظر آیا؟، 3 دن پہلے بارش سے شاہراہ فیصل چوک ہوگئی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ مہنگائی وفاق کی وجہ سے ہے تو صوبائی حکومت استعفیٰ دے دے، پیپلز پارٹی نے تو استعفیٰ کے نام پر پی ڈی ایم کو بھی دھوکا دیا۔
خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ متوسط طبقے اور خصوصاً مہاجروں کے ساتھ زیادتی بند کی جائے، کراچی کا دورہ کیا ہے انفرااسٹرکچر کی صورتحال بہت خراب ہے۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے بعد صورتحال خراب ہوئی تو ذمہ داری وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ہوگی، سرکاری اسپتالوں میں 24 گھنٹے ڈاکٹرز کی ڈیوٹیز لگائی جائیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے مزید کہا کہ موجودہ مون سون میں ان کی کارکردگی کی قلعی کھل جائے گی، دکانیں بند کروانے اور بھتہ لینے کے سوا ان کے پاس کوئی کام نہیں ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ خدمت خلق فاؤنڈیشن کی سرگرمیاں دوبارہ بحال ہوگئی ہیں، 14 اگست پر نئے سنگ میل کا اعلان کیا جائے گا۔
Comments are closed.