بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہم صفائی کریں، خواجہ اظہار کے لوگ گٹروں میں بوریاں ڈالیں، ناصر حسین شاہ

وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے خواجہ اظہار الحسن پر جوابی وار کردیے۔

ایک بیان میں صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم بارشوں میں صفائی کریں اور خواجہ اظہار کے لوگ گٹروں میں بوریاں ڈالیں۔

انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے ایم کیو ایم کی تباہ کاریوں کے بعد کراچی کی تعمیر نو کی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم سکڑ کر مایوس لوگوں کی ایسوسی ایشن بن گئی ہے جو آئندہ الیکشن کے بعد چند یونین کونسل تک محدود ہوگی۔

اُن کا کہنا تھاکہ خواجہ اظہار کو آج پتا چلا ہے کہ کورونا کی چوتھی لہر آئی ہے، اس وقت کورونا وائرس کے سب سے زیادہ مریض سرکاری اسپتالوں میں ہیں۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ یہ سندھ حکومت کی بہترین صحت کی سہولیات کو ثبوت ہے، خواجہ اظہار سے گزارش ہے کہ کورونا وائرس پر سیاست بند کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی حکومت سندھ کی ترقی کی ضامن ہے، یہ سندھ حکومت ہے جس نے تھر کے کوئلے سے بجلی بنا کر قومی ترقی میں حصہ ڈالا۔

ناصر شاہ نے کہا کہ ہم بارشوں میں ڈرینج صاف کریں خواجہ اظہار والوں کے لوگ گٹروں میں بوریاں ڈالیں، یہ ایم کیو ایم کی کراچی کی خدمت ہے۔

اُن کا کہنا تھاکہ حالیہ بارشوں میں کوئی سندھ حکومت کا پول نہیں کھلا، پول تو ایم کیو ایم کا کھلا ہے جو بوری بند لاشوں سے گٹروں میں بوریاں ڈالنے کی سیاست کرتی ہے۔

صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا کہ خواجہ اظہار پیپلز پارٹی کے سکڑنے کی کس منہ سے بات کرتے ہیں، پی پی کی تو پورے ملک میں نمائندگی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم کو پی ڈی ایم کا بڑا دکھ ہو رہا ہے، ہمت ہے تو پی ٹی آئی اتحاد سے نکل کر دکھائیں، سندھ حکومت کراچی کے عوام کی ہر سیکٹر میں خدمت کرتی رہے گی۔

نا صر حسین شاہ نے کہا کہ ایم کیو ایم مسترد شدہ جماعت ہے، بہتر ہوگا کہ اب نفرت اور جلن کی سیاست کریں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.