بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

شمالی وزیرستان: سیکیورٹی فورسز سے مقابلے میں 8 دہشت گرد ہلاک

سیکورٹی فورسز کے شمالی وزیرستان میں آپریشنز کے دوران تین دہشت گرد کمانڈروں سمیت 8 دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔

پاک افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویا اور دوسلی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات پر آپریشن کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں، جن میں 3 دہشت گرد کمانڈر بھی شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد کمانڈر عبدالانیر کا تعلق ٹی ٹی پی طوفان گروپ، کمانڈر جنید عرف جامد کا تعلق طارق گروپ اور کمانڈر خالق شادین عرف ریحان کا تعلق صادق نور گروپ سے تھا۔

سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے دہشت گرد اور اُن کے کمانڈر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گرد 2009 سے آئی ای ڈی حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور دیگر وارداتوں میں ملوث تھے جبکہ یہ ان علاقوں سے دہشت گردوں کی ریکروٹنگ میں بھی ملوث تھے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کے ان آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بڑی مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.