شمالی بلوچستان میں رات سے بارش اور برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔
چمن شہر اور گرد و نواح میں رات بھر موسلا دھار بارش ہوئی جس سے نشیبی علاقے زیرِ آب آ گئے۔
قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، شیرانی، پشین میں بھی بارش اور برف باری ہوئی ہے۔
پشین کے علاقوں توبہ کاکڑی، خانو زئی اور بوستان، قلعہ عبداللّٰہ کی تحصیل توبہ اچکزئی میں رات سے شدید برف باری جاری ہے۔
چمن میں کوژک ٹاپ، خواجہ عمران، شیلا باغ اور پرانا چمن میں ڈھائی فٹ برف پڑ چکی ہے۔
زیارت کے علاقوں کواس اور زندرہ میں بھی برف باری جاری ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق وادیٔ کوئٹہ میں آج کم سےکم درجۂ حرارت صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
کم سے کم درجۂ حرارت قلات میں بھی صفر، تربت میں 10، گوادر میں 12، نوکنڈی میں 1، جیوانی میں 6، سبی میں 9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج کوئٹہ، زیارت، ژوب، بارکھان، قلعہ سیف اللّٰہ،قلعہ عبداللّٰہ، چمن اور پشین میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے جبکہ صوبے کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔
این ایچ اے کے مطابق این 50 قلعہ سیف اللّٰہ ہائی وے، این 25 کوئٹہ چمن اور کوئٹہ کراچی شاہراہ پر شدید برف باری جاری ہے۔
این ایچ اے کے جی ایم آغا عنایت کے مطابق قومی شاہراہوں پر رات بھر سے سنو کلیئرنس آپریشن جاری ہے، کوژک ٹاپ پر کوئٹہ چمن شاہراہ ٹریفک کے لیے کلیئر کر دی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کوژک ٹاپ پر کوئٹہ سے چمن اور چمن سے کوئٹہ کے لیے یک طرفہ ٹریفک چلائی جا رہی ہے۔
کوئٹہ شہر کے کئی علاقوں میں گیس پریشر نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ بعض علاقوں میں گیس یکسر غائب ہے۔
شدید سرد موسم میں گیس نہ ہونے کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا ہے۔
گیس پریشر نہ ہونے سے گھروں میں کھانا پکانا، گیزر اور ہیٹر جلانا محال ہو گیا ہے۔
Comments are closed.