کراچی :جماعت اسلامی کراچی کے امیرحافظ نعیم الرحمن نے الیکشن کمیشن کی جانب سے بروقت بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ کراچی میں شفاف انتخابات کے لیے رینجرز کو تعینات کیا جائے ۔
بلدیاتی انتخابا ت کے انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد دفتر جماعت اسلامی کراچی ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی انتخابات سے فرار ہونا چاہتی ہے،یہ لوگ کراچی میں انتخابات کو دو مراحل میں کروانا چاہتے ہیں جب کہ آئین میں لکھا ہے کہ انتخابات 120 دن میں ہونے ہیں ،الیکشن کمیشن آف پاکستان کو بھی اس بات کا نوٹس لینا چاہیے ۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی شہر کو مقامی ایڈمنسٹریٹر کی ضرورت ہے جو کراچی کے عوام پرہونے والے مظالم کے خلاف کھڑےہو کر اپنی سیاست چمکانے کی بجائے خلوص دل سے عوام کی خدمت کرے اور کراچی شہر میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کرے ،میں الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتا ہوں کہ مرتضیٰ وہاب کو برطرف کیا جائے کراچی میں سیاسی ایڈ منسٹریٹر کی کو ئی گنجائش نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل سعید غنی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ کراچی کے لوگ اپنے مسائل کو بڑھا چڑھا کر بتاتے ہیں،اگر لوگ گھروں کا کچرا سڑکوں پر نہ پھینکیں تو ہمیں کچرا اُٹھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی اور شہر میں ہر جگہ صفائی نظر آئے گی جس سے کراچی شہر کی خوبصورتی بحال ہو جائے گی ،سعید غنی بتائیں کہ ان کی پارٹی نے 14 سال میں کراچی کی تعمیر و ترقی کے لیے کیا کیا؟۔انہوں نے کہا کہ صورتحال یہ ہے کہ پولیس میں جعلی بھرتیاں تاحال جاری ہیں،جس کی وجہ سے اسٹریٹ کرائم بڑھتے جا رہے ہیں،یہ خود تو کچھ کرتے نہیں اور کراچی کے عوام کے زخموں پر نمک پاشی کرتے ہیں ۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت بری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ان سے لوگوں کے مسائل حل نہیں ہو رہے ، سندھ میں سیلاب آنے سے عوام کی آنکھیں کھل گئی ہیں المیہ یہ ہے کہ اب اندرون سندھ بھی پیپلز پارٹی سے الگ ہوگیا ہے اور یہ کراچی پر حکمرانی کرنے کو ترجیح دے رہے ہیں یہ چاہتے ہیں کہ کراچی کے سارے اختیارات ان کے پاس ہوں اور اپنی مرضی سے عوام کو لوٹتے رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں 5 ہزار ارب روپے کے بجٹ کا حساب چاہیے ،یہ بجٹ کراچی پر کیوں نہیں لگایا گیا؟ کراچی شہر کو کھنڈرات میں تبدیل کردیا ہے اس وقت کراچی میں کسی کی جان و مال محفوظ نہیں،اس شہر کو لاوارث کر دیاگیا ،پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کے ساتھ مل کر کراچی کو نقصان پہنچایا،کسی ملک کا شہر جو 54فیصد ایکسپورٹ کرتا ہو اسکا یہ حال ہو سکتا ہے کیا؟ہمیں بتائیں کہ آپ نے اس شہر کو تباہ برباد کیوں کیا ہے ۔
Comments are closed.