جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل سے گرفتار کر لیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کو راولپنڈی پولیس نے اڈیالہ جیل سے گرفتار کر لیا۔

پنجاب پولیس کی بھاری نفری اور تھانہ آر اے بازار پولیس اڈیالہ جیل پہنچی تھی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے گزشتہ روز شاہ محمود قریشی کے نظر بندی آرڈرز جاری کئے تھے، نظربندی آرڈرز میں ان سے 9 مئی واقعات سے متعلق تفتیش کرنے کا کہا گیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شاہ محمود قریشی 9 مئی کے مقدمات میں نامزد ہیں، ان کی سائفر کیس میں ضمانت ہو چکی ہے، شاہ محمود قریشی کے 15 دن کے نظر بندی آرڈر جاری ہو چکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کی 9 مئی جی ایچ کیو حملہ کیس میں گرفتاری ڈال دی گئی، شاہ محمود قریشی کو انسداد دہشت گردی عدالت راولپنڈی میں پیش کیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے ڈی سی راولپنڈی سے شاہ محمود کی نظربندی کا حکم ختم کرنے کی استدعا کی تھی، نظربندی حکم ختم ہونے پر جیل سے رہائی ہوئی تو شاہ محمود کو گرفتار کیا گیا۔  

دوسری جانب شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مجھے جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈی سی راولپنڈی نے شاہ محمود قریشی کے نظربندی کے احکامات جاری کیے تھے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.