قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جانب سے احمد شہزاد کو تنقید نظر انداز کر کے کرکٹ پر توجہ دینے اور فیملی کے ساتھ خوش گوار زندگی گزارنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
شاہد آفریدی اور احمد شہزاد حال ہی میں ایک نجی چینل پر چٹ چیٹ کا حصہ بنے۔
اس دوران شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ جب قومی ٹیم کا کپتان تھا تو میرے پاس بطور اوپنر احمد شہزاد سے بہتر کوئی آپشن نہیں تھا، مجھے احمد شہزاد کی بیٹنگ پسند تھی، جب میں نے ٹیم کی کپتانی چھوڑی تو میری وجہ سے احمد شہزاد کو کئی بار تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
انہوں نے کہا کہ اسی لیے مجھے احمد شہزاد کو بہت زیادہ سپورٹ کرنے، چانسز دینے، نوازنے اور ٹیم میں آگے لانے سے متعلق کئی بار تنقید سننا پڑی۔
شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ احمد شہزاد ٹیم کے بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں سے ایک ہیں۔
اِن سب جملوں پر ردِ عمل کا اظہار کرتے ہوئے احمد شہزاد کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی میرے بڑے بھائی جیسے ہیں، وہ مجھے کچھ بھی بول سکتے ہیں۔
شاہد آفریدی نے اس گفتگو کے دوران احمد شہزاد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میرا آپ کو صرف یہی مشورہ ہے کہ اپنی کرکٹ پر توجہ دیں اور اپنی فیملی کے ساتھ اچھی زندگی گزاریں، اللّٰہ تعالیٰ نے زندگی کو بہت خوبصورت بنایا ہے، اسے انجوائے کریں۔
جس پر احمد شہزاد کا مزید کہنا ہے کہ میں بھی کھیلنا اور رنز بنانا چاہتا ہوں لیکن اس کے لیے مجھے ایک پلیٹ فارم کی ضرورت ہے، پی ایس ایل کی ٹیمیں مجھ میں دلچسپی ظاہر کرتی ہیں مگر پتہ نہیں پھر اِنہیں مجھے ٹیم میں لینے سے کون روکتا ہے۔
انہوں نے شکوہ کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں کہاں کھیلوں؟ کہاں رنز بناؤں؟ کیا میں گھر پر کھیل کر رنز بنا سکتا ہوں؟
Comments are closed.