بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

سینیٹ میں عمران خان جیتنے جارہے ہیں، جسے غلط فہمی ہے دور کرلے، شیخ رشید

وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ سینیٹ میں عمران خان جیتنے جا رہے ہیں، کسی کو غلط فہمی ہے تو دور کرلے۔

اسلام آباد میں مسیحی برادری کی تقریب سے خطاب میں وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ 3 مارچ سے ملک میں سیاست شروع ہوگی، عمران خان کا ستارہ 4 مارچ سے عروج پر ہوگا۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سینیٹ میں عمران خان جیتنے جارہا ہے، کسی کو غلط فہمی ہے تو دور کرلے۔

انھوں نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے کہا ہے کہ میں درخواست نہیں دوں گی، مریم نواز 2018 سے ای سی ایل میں ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کئی لوگ اتنے پرانے ہیں کہ میں انہیں ای سی ایل سے نکالنا چاہتا ہوں۔

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اور مریم نواز ای سی ایل میں ہیں اس لیے ان کا بیان معنی نہیں رکھتا۔

وزیر داخلہ نے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق بتایا کہ ہم ایف اے ٹی ایف میں 7 نکات پر پھنسے ہوئے ہیں۔

انھوں نے بتایا کہ فیٹف کے 3 مزید نکات جلد مکمل ہوجائیں گے۔

مسیحی برادری سے متعلق شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں مسیحی اسکول سے پڑھا ہوں اور کالج میرا گورڈن کالج تھا، میں نے مسیحی برادری کو ہمیشہ نفیس شخصیت کا مالک پایا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ مسیحی برادری ہمیشہ سے محبِ وطن لوگ ہیں، مسیحی برادری کو کبھی کسی دہشتگردی میں ملوث نہیں دیکھا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں کوشش کرتا ہوں کہ مسیحی برادری کی خوشی میں شامل رہوں۔

انھوں نے یہ بھی کہا کہ مسیحی برادری پاکستان میں اپنی مذہبی رسومات آرام سے ادا کر سکتی ہے۔

بھارتی میں اقلیتوں کے ساتھ پیش ہونے والی بدسلوکی کی مثال دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں جو اقلیتوں کے ساتھ ہو رہا ہے وہ دنیا میں کسی ملک میں نہیں ہو رہا۔

انھوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی حکومت لبرل حکومت ہے جو انتہا پسندی کے خلاف ہے، حکومت کی سوچ ہے کہ ہر شخص کو پاکستان میں دینی رسومات ادا کرنے کی مکمل اجازت ہونی چاہیے۔

اسلام آباد پولیس سے متعلق شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 100 بائیکس اور 20 گاڑیاں اسلام آباد پولیس کو دے کر اسے ماڈرن بنا رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد کے باسیوں کو کہتا ہوں کہ ٹریفک رولز کا خیال رکھیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.