گورنر سنھ عمران اسماعیل نے کہا ہے سینیٹ انتخابات 2021 کے لیے ہمارا کوئی رکنِ اسمبلی نہیں بکے گا، یہ دیوانے کا خواب ہے کہ سندھ سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سینیٹ کی 10 نشستیں جیتے۔
جیونیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں میزبان شہزاد اقبال کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ہر ماہ بعد پارلیمنٹیرینز کو بلاتا ہوں اور مسائل سنتا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو بلا کر ظہرانہ دیتا ہوں اس کا سینیٹ الیکشن سے تعلق نہیں، ظہرانے کے دوران جب سینیٹ الیکشن پر بات ہوئی تو میں اٹھ کر چلا گیا تھا۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ اگر الیکشن کمیشن کا کوئی خط آیا تو جواب دے دوں گا۔
عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ لیاقت جتوئی کو الزامات لگانے پر نوٹس آگیا ہے، اس کا انہیں جواب دینا چاہیے۔
انھوں نے کہا کہ پارلیمانی بورڈ کی صدارت وزیراعظم خود کر رہے تھے، وزیراعظم نے پارلیمانی بورڈ سے مشورے کے بعد فیصلے کیے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ لیاقت جتوئی نے جو پیسوں والی بات کی ان کو ثابت کرنا پڑے گی۔
عمران اسماعیل نے کہا کہ جھوٹے اور بے بنیاد الزامات لگانے والوں پر صرف افسوس ہوتا ہے۔
سیف اللّٰہ ابڑو سے متعلق بات کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ سیف اللّٰہ ابڑو نے 2018 میں پی ٹی آئی ٹکٹ کے لیے اپلائی کیا تھا، یہ ان سب سے پہلے پی ٹی آئی میں آئے۔
انھوں نے سندھ میں پی ٹی آئی ایڈوائزری کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ سندھ ایڈوائزری کونسل کی کوئی حیثیت نہیں، پی ٹی آئی میں سندھ ایڈوائزی کونسل نام کی کوئی چیز موجود نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میرا کسی ضمنی الیکشن سے کوئی واسطہ نہیں ہے۔
ساتھ میں ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ یہ دیوانے کا خواب ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سے 10سیٹیں جیتے۔
گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ہمارا کوئی ایک رکن بھی نہیں بکے گا۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ خالد مقبول صدیقی ہی متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) ممبران سے متعلق بتاسکتے ہیں۔
Comments are closed.