آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست کے بعد پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ڈریسنگ روم میں کھلاڑیوں کا حوصلہ بُلند کیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بابر اعظم کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی ہے جوکہ ڈریسنگ روم میں بنائی گئی تھی۔
اس ویڈیو میں بابر اعظم ٹیم کے کھلاڑیوں کا حوصلہ بُلند کرتے نظر آرہے ہیں۔
بابر اعظم نے کہا کہ’شکست کے بعد ہم سبھی درد اور تکلیف میں ہیں کیونکہ ہم ایک میچ ہارے ہیں جس کی وجہ سے فائنل میں جانے سے رہ گئے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’میں یہاں آپ کو کہنا چاہوں گا کہ ہم نے اس شکست سے بہت کچھ سیکھا ہے اور اس شکست کے لیے کسی ایک کھلاڑی پر اُنگلی نہ اُٹھائیں۔‘
کپتان نے کہا کہ ’کسی ایک کھلاڑی کو شکست کی وجہ نہ ٹھہرائیں، یہ نہ بولیں کہ اس نے ایسا کردیا یا اُس نے ویسا کردیا، ہماری ٹیم کا اتحاد قائم رہنا چاہیے۔‘
بابر اعظم نے کہا کہ ’ہم نے ایک ٹیم کے طور پر اُس کھیل کا مظاہرہ نہیں کیا جو ہمیں کرنا چاہیے لیکن میں ایک کپتان ہونے کے ناطے سب کو بیک کرتا ہوں۔‘
اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ ’اس بار ہم ہار گئے ہیں لیکن ہم نے اس شکست سے سیکھنا ہے اور مستقبل میں ان غلطیوں کو دہرانے سے گریز کرنا ہے۔‘
آخر میں بابر اعظم نے کہا کہ ’پورے ٹورنامنٹ نے تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے لیے سب کو داد دیتا ہوں۔‘
واضح رہے کہ آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے پاکستان کو ایک مرتبہ پھر ناک آؤٹ مرحلے میں شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔
Comments are closed.